پشاور کے ایس پی سٹی محمد شعیب کا کہنا ہے کہ ایک اہم نیٹ ورک کی خاتون کو دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی محمد شعیب کے مطابق کچھ دنوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم نیٹ ورک کو بریک ڈاؤن کیا ہے۔
محمد شعیب کا کہنا ہے کہ پولیس ہائی الرٹ تھی، پشاور اور لاہور بڑی تباہی سے بچ گئے، کارروائی کے نتیجے میں ایک خاتون کی دھماکا خیز مواد کے ساتھ گرفتاری عمل میں آئی ہے، خاتون نے دھماکا خیز مواد کو لاہور اسمگل کرنا تھا، خاتون کے ساتھ مزید ساتھی گرفتار کیے گئے۔
ایس پی سٹی محمد شعیب کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کا تعلق افغانستان سے ہے، سی ٹی ڈی اس پر کام کر رہی ہے، اس قسم کے دھماکا خیز مواد ریموٹ کنٹرول ڈیوائس میں استعمال ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو پولیس نے کارروائی کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا یا تھا، خاتون پشاور اور لاہور میں دہشتگردی کے لیے استعمال کی جاسکتی تھی، گرفتار خاتون سے مزید تحقیقات جا ری ہیں۔