• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات بہتر لیکن پاکستان کرکٹ کیلئے آئیڈیل نہیں، ڈین جونز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلوی ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ کے لئے بدھ کو کراچی پہنچے اور خاموشی سے لاہور روانہ ہوگئے۔ حیران کن طور پر پاکستان آمد والے دن ایک آسٹریلوی اخبار کے لئے اپنے کالم میں انہوں نے لکھا کہ زیادہ سیکیورٹی کی وجہ سے کھلاڑی پریشان ہوجاتے ہیں۔ ہیلی کاپٹرز، بلٹ پروف گاڑیاں اور جگہ جگہ سیکیورٹی دستے دیکھ کر کھلاڑی پریشان ہوجاتے ہیں ان حالات میں پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لئے آئیڈیل جگہ نہیں ہے لیکن حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔ بعض کھلاڑی سیکیورٹی خدشات اور دھمکیوں کی وجہ سے پاکستان جانے سے گریز کرتے ہیں۔ کچھ کھلاڑی اضافی پیسے مانگتے ہیں، میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا پیسہ جان سے بڑھ کر ہے۔ ڈین جونز کے مطابق پاکستان میں کرکٹرز کو زیادہ وقت ہوٹل کے کمرے میں گذارنا پڑتا ہے جو ان کے لئے جیل بن جاتا ہے۔ انہیں جمنازیم اور سوئمنگ پول تک محدود رہنا پڑتا ہے۔ اس سال کے شروع میں جب میں کراچی میں تھا تو دس ہزار سیکیورٹی والے ہماری حفاظت پر مامور تھے۔ اگر آسٹریلیا آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہے تو انہیں دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 کھیلنا چاہئیں ۔پاکستانی حکومت کو سیکیورٹی پر 4 سے5 لاکھ ڈالرز یومیہ خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ میں نے کرکٹ آسٹریلیا کے سی او کیون رابرٹسن سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل اور دورے کے لئے بھیجیں لیکن جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ ڈین جونز نے کہاکہ پی ایس ایل کھیلنے کے لئے کھلاڑیوں کو اضافی پیسے دیئے گئے پھر کوچز اور دیگر اسٹاف کو کیوں اضافی رقم نہیں دی گئی۔ ڈین جونز گذشتہ برس اسلام آباد کے کوچ تھے، اب کراچی سے منسلک ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین