• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: صدر میں اسپیکرز کے گودام میں پٹاخوں کے بعد آتشزدگی


کراچی کے مصروف ترین کاروباری علاقے صدر میں ریگل چوک پر واقع ایک پرانی عمارت میں آگ لگنے سے الیکٹرونکس کے سامان کا گودام جل گیا، پولیس نے ایک خاندان کو بحفاظت نکال لیا جبکہ مزید کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فائر بریگیڈ کے مطابق ریگل چوک پر واقع پرانی عمارت رحمان منزل کے سیکنڈ فلور پر ایک فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز آگ بجھانے کے آلات اور ایک گاڑی کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ اس دوران کے الیکٹرک کے عملے کو بھی بلوا لیا گیا۔

کراچی: صدر میں اسپیکرز کے گودام میں پٹاخوں کے بعد آتشزدگی
کراچی: آگ سے متاثرہ گودام سے دھواں نکل رہا ہے

ایس ایچ او پریڈی رانا انور امجد کے مطابق آگ لگنے سے متاثرہ فلیٹ کے سامنے کے فلیٹ میں مقیم خاندان کو خطرہ پیدا ہوگیا تھا، تاہم فلیٹ میں مقیم خواتین اور بچوں سمیت اس خاندان کو پولیس نے بحفاظت عمارت سے نکال لیا۔

پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

انسپکٹر رانا انور امجد کے مطابق آتشزدگی کا شکار فلیٹ عمارت کی دوسری منزل پر واقع ہے جہاں اسی بلڈنگ کے گراونڈ فلور پر قائم ایک ریڈیو شاپ کا گودام ہے۔

پولیس کے مطابق گودام میں بجلی کی وائرنگ نہیں ہے جس سے شارٹ سرکٹ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز ہی بیرون ملک سے آنے والے الیکٹرک کے سامان کا کنٹینر اس گودام میں خالی کیا گیا ہے جس میں کافی تعداد اسپیکرز کی ہے۔

ایس ایچ او پریڈی کے مطابق علاقہ مکینوں نے آگ لگنے سے قبل گودام سے پٹاخوں کی آوازیں سنیں جس کے بعد گودام سے دھواں نکلنے لگا۔

پولیس کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم اسے مکمل طور پر بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایس ایچ او پریڈی کے مطابق آگ لگنے کی وجہ کام ختم ہونے کے بعد فائر بریگیڈ افسر کی حتمی رپورٹ کے بعد معلوم ہوسکے گی۔

تازہ ترین