• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس طرح گھر کی خوبصورتی اور دلکشی بڑھانے کیلئے ساخت، مٹیریل اور دیگر چیزوں کا متوازی اور ڈیزائن کا خوبصورت ہونا ضروری ہے، ویسے ہی آنکھوں کو بھلے لگنے والے رنگوں کا انتخاب بھی اہم ہے۔ اِن ڈور اور آؤٹ دور ڈیکوریشن ٹرینڈ میں سنگل کلر یعنی سفید رنگ کا استعمال بہت زیادہ کیا جانے لگا ہے۔

تعمیراتی ماہرین کے مطابق ’سفید‘ وہ رنگ ہے، جو باتھ روم، کچن، راہداری، کمروں غرض کہ گھر کے ہر حصے میں کسی نہ کسی صورت موجود ہوتا ہے۔ یوں کہیں کہ اس رنگ کے بغیر گھر کی سجاوٹ یا تعمیر کا مکمل ہونا ناممکن ہے۔ تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ گھر کے بیرونی حصے (ایکسٹیریئر) کیلئے بھی سفید رنگ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوتا ہے۔ 

ماہرین کے نزدیک کچھ مخصوص رنگ، مخصوص جگہوں اور آرکیٹیکچرل اسٹائل کے لیے موزوں ہوتے ہیں جبکہ وائٹ اور آف وائٹ ایسے رنگ ہیں جو ہر گھر میں تقریباً تمام حصوں اور اسٹائل کے لیے بہترین اور موزوں ثابت ہوتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ مکمل طور پر صرف سفید رنگ ہی کردیا جائے بلکہ مختلف ڈیزائن، اسٹائل اور تکنیک کی بدولت اس کے مختلف شیڈ کو بھی گھر کے بیرونی حصے کی زینت بنایا جاسکتا ہے۔ آئیے آج کے مضمون میں اس بارے میں یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

’وائٹ اِز کول‘

تعمیراتی ماہرین سفید رنگ کو ’کول‘ کلرز میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق سفید رنگ نہ صرف اسٹائلش اور ماڈرن لگتا ہے بلکہ یہ درجہ حرارت کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گھر کے بیرونی حصے میں سفید رنگ کروانا ان لوگوں کے لیے مزید تقویت کا باعث بنتا ہے، جو گرم علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ تاہم سرد علاقوں میں رہنے والے افراد انسولیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے سفید رنگ کا انتخاب تعمیراتی مواد اور انرجی ایفیشنٹ ونڈوز کے ساتھ کرسکتے ہیں۔

شیڈ نظر انداز نہ کریں

گھر کے بیرونی حصے میں سفید رنگ کسی ایک اسٹائل تک محدود نہیں ہے۔ یہ رنگ کسی بھی شیڈ اور رنگ کے ساتھ ایکسٹیریئر کی زینت بنایا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح گھر کے بیرونی حصے کے لیے صرف سرخ ر نگ کا انتخاب نہیں کیا جاسکتا، بالکل اسی طرح گھر کی تعمیر کے دوران بیرونی حصے کے لیے بھی صرف سفید رنگ کا انتخاب نہ کریں۔ 

سفید رنگ کے ساتھ آپ گھر کے مرکزی دروازے کے لیے شوخ رنگ کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب گھر کی کھڑکیوں اور سامنے کی طرف شیشوں کا استعمال بھی شوخ رنگوں کے ساتھ کیا جاسکتا ہے ۔

پرائمر لازمی ہے

رنگ کرنے سے قبل پرائمنگ (سطح ہموار کرنا) کا عمل اختیاری نہیں لازمی ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود پینٹ کے دوران، عام طور پر پرائمنگ کا مرحلہ نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ تعمیراتی ماہرین ایکسٹیریئر پر سفید رنگ کرنے کے لیے پرائمنگ کو لازمی قرار دیتے ہیں۔ 

مارکیٹ میں ان دنوں مختلف اقسام کے پینٹ پرائمر کے ساتھ ایک ہی باکس میں دستیاب ہیں لیکن ایکسٹیریئر کو سفید رنگ کرتے وقت علیحدہ سے پرائمر لیں تاکہ ایکسٹیریئر پر پہلے سے ہوا گہرا رنگ سفید رنگ سے نہ جھانکے۔

رنگوں کا امتزاج

امریکن پینٹ اینڈ کوٹنگ مینوفیکچرنگ کمپنی کے مطابق، ایکسٹیریئر کی بہترین اور جدید وضع کے لئے ہلکے اور گہرے دونوں رنگوں کا ملاپ ضروری ہے۔ ہلکے رنگوں کے حوالےسے سفید کے تمام شیڈز بہترین ہیں جبکہ گہرے رنگوں کا انتخاب مکین کی پسند پر منحصر ہے۔ رنگوں کے امتزاج (کلرکمبی نیشن) کے حوالے سے تین باتیں قابل غور ہیں۔

1- دو رنگوں کا انتخاب ایکسٹیریئر ڈیزائننگ کو منفرد وضع دے سکتا ہے۔

2- ایک گہرے اور ایک ہلکے رنگ کو ملاکر آپ جدید اور فیشن ایبل امتزاج حاصل کر سکتے ہیں۔

3- رنگوں کے امتزاج (کلرکمبی نیشن) کا ایک منفرد طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک رنگ سے بیرونی حصے کو رنگ دیا جائے اور پھر بیرونی دروازوں کو کنٹراسٹ رنگ میں لگایا جائے، اس طرح جمالیاتی حسن پیدا کیا جاسکتا ہے۔

سفید کے ساتھ دیگر رنگ

چونکہ عام طور پر ایکسٹیریئر کو مکمل سفید رنگ سے نہیں رنگا جاتا، اس حوالے سے تعمیراتی ماہرین درج ذیل آئیڈیاز دیتے ہیں۔

٭سیمٹریکل ہومز اسٹائل خوبصورتی کے احساس کو فروغ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان گھروں کے ایکسٹیریئر کیلئے ہلکے اور گہرے رنگوں کا انتخاب ضروری ہے۔ اس حوالے سے آئيوری، ایکوا اور سفید رنگوں پر مشتمل کلر پیلیٹ موزوں ہے۔ مرکزی دروازے کیلئے شوخ رنگوں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔

٭امریکی کمپنی کے مطابق، برائٹ ایکسٹیریئر لُک کیلئے سفید، سیاہ اور سرخ رنگوں سے بڑھ کر کوئی دوسرا امتزاج نہیں ہوسکتا۔ لازمی نہیں کہ سفید کے ساتھ سیاہ رنگ ہی کروایا جائے، آپ ایکسٹیریئر پر سیاہ ٹچ دینے کیلئے سیاہ رنگ کی لکڑی کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

٭تیسرے ڈیزائن کے طور پر امریکی کمپنی ڈیپ سی گرین کے ساتھ سفید اور سرخ رنگ کے پیلیٹ کا مشورہ دیتی ہے۔ اس کے مطابق سرخ رنگ واک وے جبکہ سفید اور ڈیپ سی گرین ایکسٹیریئر کو جدید وضع دینے کیلئے بہترین ہیں۔

تازہ ترین