• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مس کنڈکٹ کا الزام، جنوبی افریقی کرکٹ سی ای او معطل

کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنے کرکٹ چیف ایگزیکٹو تھابانگ مورے کو مس کنڈکٹ (بدعملی) کے الزامات پر معطل کردیا ہے۔

سی ایس اے کا کہنا تھا کہ تھابانگ مورے سے متعلق اقدامات کی وجہ یہ ہے کہ سی ایس اے کو شدید بحران کا سامنا تھا۔

تھابانگ مورے کی معطلی کے اعلان سے کچھ دیر قبل جنوبی افریقن کرکٹرز ایسوسی ایشن نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ جبکہ ایک بڑے اسپانسر (اسٹینڈرڈ بنک) نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے معاہدے کی تجدید نہیں کرینگے، اسپانسر نے اپنی دستبرداری کو براہ راست ان حالات سے منسلک کیا تھا جس کے نتیجے میں افریقی کرکٹ گورننگ باڈی بحران کا شکار ہے۔

دوسری جانب کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی ایک بڑی صوبائی الحاق شدہ گوٹینگ لائینز نے بورڈ اور مورے کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ گوٹینگ لائینز نے دعوٰی کیا تھا کہ اسے اس حوالے سے سات دیگر ملحقہ اداروں کی حمایت حاصل ہے۔

ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکیٹو اور سابق جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹسمین، ڈیو رچرڈسن نے کہا ہے کہ تھابانگ مورے کی معطلی کے بعد ایک عارضی چیف ایگزیکیٹو کی تقرری کے لیے مشاورت کی جائے گی۔

دریں اثنا جمعہ کی صبح ساؤتھ افریقن کرکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایک اچھی اہلیت کے حامل ایکٹنگ چیف ایگزیکٹو کا تقرر کیا جائے اور سی ایس اے کے معاملات کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے، جس میں ادارے کی مالی پوزیشن کا بھی جائزہ لیا جائے۔

ایسوسی ایشن کے سربراہ ٹونی آئرش نے کہا کہ انتہائی ناقص لیڈرشپ نے بورڈ اور اسکے آپریشنل معاملات کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اس وقت افریقی کرکٹ اسکی منہ بولتی تصویر ہے۔

تازہ ترین