کوئٹہ میں سخت سردی کے دوران بچوں کو فرش پر بٹھاکر امتحان لینے کی خبر پر محکمہ تعلیم حرکت میں آگیا۔
مڈل کے امتحانات کے انتظام میں غفلت کی خبر جیو نیوز پر چلنے کا حکام نے نوٹس لے لیا۔ قائم مقام سی ای او بلوچستان ایگزامنیشن اینڈ اسیسمنٹ کا تبادلہ کر دیا۔
مشیر تعلیم سمیت اعلیٰ حکام نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا اور قائم مقام سی ای او عارف شاہ کا تبادلہ کر کے انہیں محکمہ ثانوی تعلیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادارہ نصابیات کے سینئر ریسرچ آفیسر عبدالرزاق کو قائم مقام سی ای او تعینات کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آٹھویں جماعت کے طلبا ٹھنڈے فرش اور کھلی راہداریوں میں بیٹھ کر امتحان دیا جبکہ کئی امتحانی مراکز پر ہیٹر اور میز تو کیا بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی موجود نہیں تھیں۔
طلبا کا کہنا ہے کہ سخت سردی میں لکھتے ہوئے ہاتھ ٹھنڈے ہو جاتے ہیں اور امتحان دینے میں شدید مشکل پیش آرہی ہے۔
مشیر تعلیم بلوچستان محمد خان لہڑی نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ اسکول انتظامیہ کی غفلت سامنے آئی تو کارروائی کریں گے۔