اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے جعلی بنک اکائونٹس کے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں شریک ملزمہ مناہل مجید کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ جج محمد بشیر نے جعلی بنک اکائونٹس کیس میں خواجہ انور مجید اور دیگر کیخلاف گنے کے کسانوں کیلئے سبسڈی میں خرد برد کے ریفرنس میں ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 17دسمبر تک ملتوی کر دی۔وکیل صفائی نے شریک ملزمہ انورمجید کی بہو مناہل مجید کے استثنیٰ کی درخواست دی جس پر نیب پراسکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت نے ملزمہ کے پہلے ہی وارنٹ جاری کر رکھے ہیں لیکن اسکے باوجود وہ مسلسل غیر حاضر ہے اسے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے ۔