امیرِ جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ پاکستان ایک دلدل میں پھنس گیا ہے، 22 کروڑ عوام پر مہنگائی اور بے روزگاری کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں۔
منصورہ، لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ یوتھ کے نام پر یوتھ سے زیادتی کی گئی، قوم کا اصل سرمایہ برباد کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دکھائے گئے، حکومت کے وزراء نے 15 ماہ میں 4200 پریس کانفرنسیں کی ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ اچھی باتوں سے لوگوں کا درد ختم ہو جائے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ ابتدا میں وزیرِ اعظم عمران خان نے جس ٹیم کو منتخب کیا تھا، ہمیں اندازہ تھا کہ اس ٹیم سے مایوسی کہ سوا کچھ نہیں ملنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بیورو کریسی کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہے، کرکٹ میں مہارت رکھنے والے وزیرِ اعظم کرکٹ ٹیم ٹھیک نہیں کر سکے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا سے ٹیم وائٹ واش ہو کر واپس آئی ہے، ہر میچ کے اختتام پر قوم کو مایوسی ہی ملتی ہے۔