گلگت (نمائندہ جنگ) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی وطن عزیز پاکستان کیساتھ محبت و عقیدت غیر متزلزل اور دائمی ہے، اپنے مخصوص محل وقوع کی وجہ سے گلگت بلتستان انتہائی اہمیت کا حامل حساس علاقہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اہم ترین پہلی دفاعی لائن بھی ہے، اس لیے پاکستان کے دشمن ممالک کی ایجنسیاں اس خطہ میں اپنے آلہ کار تلاش کرنے کےلئے سرگرداں رہتی ہیں مگر گلگت بلتستان کا بچہ بچہ اپنے پاک وطن کے محافظ سپاہی کا کردار ادا کرتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور پیغام پاکستان سینٹر برائے امن، مفاہمت و تعمیر نو مطالعات کے تعاون سے تعلیم و تربیت کے ذریعے نوجوانوں کی مثالی کردارسازی کے بارے میں منعقد ہونیوالی دو روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔