• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھروں میں گیسٹ ہاؤسز، بیوٹی پارلرز کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، شہری

اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے جی نائن مرکز ( کراچی کمپنی ) کے پلاٹ نمبر 9 پر تعمیر کردہ پلازے کے نجی کیش اینڈ کیری اور 14 دکانوں کو نان کنفرمنگ استعمال پر سر بمہر کردیا ۔ سی ڈی اے کا موقف ہے کہ یہ پلاٹ کلینک کیلئے الاٹ کیا گیا تھا لیکن اسے کمرشل پلاٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا جو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی ہے ۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی اسے سربمہر کیاگیا تھا اور الاٹی نے انڈر ٹیکنگ دی تھی کہ کمرشل سرگرمیوں کو ختم کر دیا جائے گا مگر ایسا نہیں کیا گیا جس پر یہ کارروائی کی گئی۔ ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کیش اینڈ کیری کئی سال سے چل رہا تھا ۔ پہلے جب یہ سٹور کھلا اور دکانیں بنیں تو سی ڈی اے کا عملہ سویا ہوا تھا یا پھر ان کی ملی بھگت تھی اب اچانک سی ڈی اے جاگ گیا اور ایکشن لیاگیا ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر نان کنفرمنگ استعمال پر ایکشن لینا ہے تو اسلام آباد میں قائم سینکڑوں گیسٹ ہاؤس ختم کئے جائیں ۔ گھروں میں قائم دفاتر، سکول ، بیوٹی پارلرز اور کلینک ختم کئے جائیں اور بلا امتیاز آپریشن کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کا عملہ پہلے غیر قانونی تعمیرات یا استعمال ہونے دیتا ہے اور پھر اچانک کارروائی شروع کر د ی جاتی ہے ۔ غیر قانونی تعمیرات اور استعمال کے وقت چشم پوشی کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے ۔
تازہ ترین