• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمِ سرما کے ’’عفریت‘‘.... کہیں آپ کے گھر میں بھی تو نہیں؟؟

ڈاکٹر سیّدہ ارفع اختر رضوی،لاہور

سردیوں کا موسم آ نہیں رہا، آچُکا ہے اور اس کے ساتھ ہی تقریباً ہر گھر کے کونوں کُھدروں سے چھوٹے بڑے مانسٹرز(عفریت) نکلنا شروع ہوگئے ہیں۔ سمجھے نہیں؟ ارے…دیکھا نہیں تھا، پرسوں جب امّی سب گھر والوں کے اونی ملبوسات نکال رہی تھیں، تو آپاکا سوئیٹر،بڑےبھیا کی جیکٹ ڈھونڈے سے بھی نہیں ملی۔

باجی کے چار میں سے دو جوڑے موزے ایسے تھے، جن کا ایک پاؤں نہیں مل رہا تھا ۔اور امّی بڑے غصّے میں کہہ رہی تھیں، ’’جانے کون سی بلا لے گئی دوسرا موزا‘‘۔اورننّھے کی بھی تو ایک جراب کا دوسرا پاؤں، پورے گھر میں تلاش کے باوجود، نہ ملنا تھا، نہ ملا۔اور صرف سوئیٹر،جیکٹ اور جرابوں پر کیا موقوف، ابّا کا مفلر، چھوٹے کی ٹوپی،دستانے اور خود امّاں کی تو پشمینے کی انتہائی قیمتی شال تک غائب ہے۔

بہت حفاظت سے رکھے اونی کپڑے یوں غائب ہوجائیں،تو پورا گھر ہی پریشان ہوکر ان کی تلاش میں لگ جاتا ہے۔ اور اسی ادھیڑ بن میں جب کافی وقت بکسے کھول کر گُم شدہ اونی چیزیں ڈھونڈنے اور الماری کے ہرخانے کی اچھی طرح تلاشی لینے میں بیت جائے، تو اچانک ہی کسی نہ کسی کو یاد آتا ہے،’’ ارے…شال تو امّی نے خود کسی کو دے دی تھی کہ اتنے سال اوڑھ اوڑھ کر دِل ہی اُکتا گیا تھا۔ اور بھیّا کی جیکٹ بھی ان کا دوست لے کر گیا،تو واپس کرنا ہی بھول گیا۔‘‘

ابھی دو دِن پہلے ہم نے بڑی آپی کو فون کیا،آواز سے پریشان سی لگیں۔ پوچھنے پر روہانسی ہوکر بولیں،’’صُبح سے کمبل تلاش کررہی ہوں مل ہی نہیں رہا۔پتا نہیں زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا‘‘۔ بہرحال، ایک نہیں پورے تین دِن بعد اُنہیں یاد آیا کہ گزشتہ برس ڈرائی کلین کے لیے دیا تھا اور واپس لینابھول گئے۔ویسے،ان بڑے مانسٹرز کی کچھ اسپیشیز بھی ہیں۔ 

عموماً جب بند ڈبّوں سے جاگرز اور پمپس وغیرہ نکالے جاتے ہیں، تو کسی جوتے کا تلوا تھوڑی دُور چلنے کے بعد الگ ہوجاتا ہے، تو کسی کا چمڑا جگہ جگہ سے بدنما سادکھائی دیتا ہے یا پھر پھپھوندی لگ چُکی ہوتی ہے۔ تو بھئی، آپ کو سمجھ آیا کہ موسمِ سرما کے عفریت کون ہیں۔

ان نّنھے منے، پیارے پیارے مانسٹرز اور اسپیشیز میں سے کسی نہ کسی سے آپ کابھی پالا ضرورپڑا ہوگا۔گرچہ یہ کسی کو دکھائی نہیں دیتے، مگر ان کے وجود سے انکاربھی ممکن نہیں۔کیوں ایسا ہی ہے ناں!!

تازہ ترین