• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنگاپور، مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے منفرد حکمت عملی اپنالی

سنگاپور(مانیٹرنگ ڈیسک)مچھروں کو دنیا کا سب سے خطرناک جاندار قرار دیا جاتا ہے کیونکہ ان کے کاٹنے سے ہر سال لاکھوں افراد مختلف امراض کا شکار ہوتے ہیں اور لاتعداد اموات ہوتی ہیں۔سنگاپور میں رواں سال مچھروں کے نتیجے میں ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 گنا سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا اور نومبر تک یہ تعداد 14 ہزار 685 تک پہنچ چکی تھی۔شہریوں کو ڈینگی کی وبا سے بچانے کے لیے سنگاپور کی حکومت نے انتہائی منفرد حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کردیا ہے اور ایسے نر مچھر لیبارٹریوں میں تیار کیے جارہے ہیں جو اس کیڑے کی شرح افزائش کو صفر پر لے کر آئیں گے۔سنگاپور کی نیشنل انوائرمنٹل ایجنسی ان نر مچھروں کو Wolbachia نامی بیکٹریا سے انفیکٹ کررہی ہے اور انہیں مختلف مقامات پر چھوڑا جارہا ہے تاکہ وہ مادہ مچھروں کو انڈے دینے کی صلاحیت سے محروم کرسکیں۔اس حوالے سے ماحولیات اور آبی وسائل کی وزیرمملکت ڈاکٹر ایمی کوہر نے بتایا تھا کہ گرم موسم میں مچھروں کی آبادی میں بہت زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں ڈینگی وائرس بھی تیزی سے پھیلنے لگتا ہے۔اسی مقصد کیلئے حکومت نے ایک لیبارٹری قائم کی ہے جہاں ہر ہفتے 50 لاکھ مچھروں کی افزائش کی جائے گی جن کو بیکٹریا سے متاثر کرکے چھوڑا جائے گا تاکہ وہ کچھ عرصے میں سنگاپور سے مچھروں کا ہی خاتمہ کردیں۔اسی طرح کی حکمت عملی پر انڈونیشیا، ویت نام، برازیل اور آسٹریلیا پر بھی عملدرآمد ہورہا ہے۔
تازہ ترین