• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی ،بجٹ کے بعد پی ایس ڈی پی میں 42نئی ا سکیموں کی تفصیلات طلب

اسلام آباد( کامرس رپورٹر )سینٹ قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی و اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیر منصوبہ بندی اور سیکرٹری منصوبہ بندی کی عدم شرکت پر احتجاجاً موخر کر دیا گیا ۔ ذیلی کمیٹی نے پی ایس ڈی پی میں بجٹ کی منظوری کے بعد 17ارب روپے کی 42نئی سکیمیں شامل کرنے پر ان سکیموں کی تفصیلات ، لاگت اور شامل کرنے کی وجوہات طلب کر لیں اور ہدایت کی کہ وفاقی وزیرا ور سیکریٹری منصوبہ بندی یہ تفصیلات کمیٹی میں پیش کریں ۔ ذیلی کمیٹی منصوبہ بندی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر میر کیبر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت ہوا۔ میر کیبر احمد محمد شاہی نے کہا کہ سیکرٹری منصوبہ بندی نے خط بھیجا کہ مصروفیات کی وجہ سے کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتا اور متعلقہ وزیر کی طرف سے کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت کی کوئی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2019-20کا بجٹ منظور ہونے کے بعد ہاؤس آف فیڈریشن کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقیات کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کمیٹی نے کچھ نئی سکیمیں شامل کرنے کی سفارش کی تو قائمہ کمیٹی کو واضح طور پر آگاہ کیا گیا کہ بجٹ منظور ہو چکا ہے اب نئی سکیمیں شامل نہیں کی جا سکتیں۔

تازہ ترین