• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوونٹری میں مسلم ریورس سنٹر اور لٹل اینجل کابے گھر افراد کیساتھ اظہاریکجہتی

کوونٹری (نمائندہ جنگ) بے گھر افراد بھی ہمارے معاشرے کا ایک حصہ ہیں، انھیں معقول اور مناسب سہولیات فراہم کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی زندگی بہتر انداز میں گزار سکیں ۔کوونٹری میں بے گھر افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا جس کا اہتمام مسلم ریورس سنٹر اور لٹل اینجل نرسری نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس موقع پر مرد، خواتین، بچوں نے بھرپور حصہ لیا اور سخت سردی، بارش کے باوجود بے گھر افراد کے ساتھ کھڑے رہے۔ بچوں کی خوشی دیدنی تھی یکجہتی پروگرام کا آغاز رات 6 بجے شروع ہوا اور دوسری صبح تک جاری رہا ،شرکا نے سردی اور بارش میں ہی رات بسر کی۔ یکجہتی پروگرام میں موجود افراد نے خواتین اور بچوں کو خصوصی داد دی۔ مسلم ریسورس سنٹر کے سی ای او بیرسٹر چوہدری شبیر نے کہا کہ غربا، مساکین اور بے گھر افراد کا ہاتھ پکڑنا اور ان کی مدد کرنا ہی انسانیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ریسورس سنٹر نے ہمیشہ انسانیت کی تعمیر اور ان کی مدد کے لیے کام کیا ہے تاکہ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہو اور ایک صحت مند معاشرہ قائم ہو۔ مسلم ریسورس سنٹر عوام کو ایسے ریسورس فراہم کرتا ہے جس سے ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔ سنٹر کے ڈائریکٹر چوہدری جاوید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بے گھر افراد کے لیے تمام تر انتظامات میں انھوں نے دیگر اسٹاف کے ہمراہ کام کیا اوربے گھر افراد کے لیے ہمارا مقصد پایہ تکمیل تک پہنچا، ایسے پروگرامزوقت کی ضرورت ہیں اور آئندہ بھی نیک مقصد کے لیے ایسے پروگرامز کیے جائیں گے۔ جنرل سیکرٹری راجہ اصغر نمبل نے کہا کہ نفسانفسی کےاس دور میں ایسے افراد کا خیال رکھنا ضروری ہے جو معاشرتی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سنٹر کی کاوشوں سے ہم نے بے گھر افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جس سے جہاں ہمارے حوصلے بڑھے وہاں بے گھر افراد کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی، ایسے افراد ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں ان کے ساتھ دل جوئی کرنا ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ریسورس سنٹر آئندہ بھی ایسے اقدامات کرتا رہے گا جس سے آپس میں کمیونٹی کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور پیارومحبت کی فضا قائم ہو کیونکہ سنٹر کا مقصد ہی محبت نچھاور کرنا ہے۔
تازہ ترین