• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کے خلاف پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن کیا ہوگا؟ قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر 2009ء کے بعد کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میں کن گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی؟

دوران پریس کانفرنس اس سوال کے جواب میں کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، مطلب انہوں نے ٹیم کے حوالے سے واضح انداز میں گفتگو نہیں کی، البتہ دوسری جانب اطلاعات یہ ہیں کہ ٹیم مینجمنٹ نے سری لنکا کے مقابلے پر پہلے ٹیسٹ میں 6 بیٹسمینوں، 3 فاسٹ بولرز، ایک وکٹ کیپر اور ایک اسپنر کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وولن گابا برسبین پر گذشتہ ماہ ٹیسٹ کیپ لینے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر نسیم شاہ پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہیں ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسڑیلیا کے مقابلے پر 20 اوورز میں 114رنز دینے والے محمد موسیٰ کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، جب کہ دوسری تبدیلی افتخار احمد کی شکل میں پہلے ہی سامنے آچکی ہے، جنہیں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، البتہ ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل فواد عالم بھی راولپنڈی ٹیسٹ کی فائنل لائن اپ کا حصہ نہیں ہوں گے، کیونکہ ٹیم مینجمنٹ نے 34 سال کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کی جگہ حارث سہیل کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

11 ٹیسٹ میں 36.75 کی اوسط سے 735 رنز بنانے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز کو آسڑیلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں ایک اور 8 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا، تاہم 25.66 کی اوسط سے 9 ٹیسٹ وکٹ لینے والے حارث سہیل کو اب ان کی بولنگ اہلیت کے تناظر میں گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حیران کن طور پر شان مسعود کیساتھ اننگز کے آغاز کے لیے بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق پر پھر بھروسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونیوالے امام الحق نے آخری 14 ٹیسٹ اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے۔

پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کے گیارہ کھلاڑی ممکنہ طور پر یہ ہو سکتے ہیں۔ اظہر علی ( کپتان)، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ۔

تازہ ترین