• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے: ’آئی پا ایوارڈز‘ میں پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

ناروے: ’آئی پا ایوارڈز‘ میں پاکستانیوں کی بھرپور شرکت


ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستانی ثقافت سے جڑے ’انٹرنیشنل پاکستان پریسٹج ایوارڈز‘ (آئی پا ایوارڈز) کی شاندار تقریب نارویجین پاکستانیوں کے لیے کافی دلچسپی کا باعث رہی۔

یہ تیسرا سالانہ پروگرام اوسلو کے مضافات میں ’ایکس میٹنگ پوائنٹ‘ کے ہال میں منعقد ہوا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پچھلے دو سال کے دوران اس ایوارڈ پروگرام کے لیے دو سالانہ تقریبات برطانیہ میں منعقد ہوچکی ہیں۔

آئی پا ایوارڈز کی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اوسلو کے اس شاندار پروگرام میں لوگوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ بھرپور شرکت کی۔ پروگرام میں پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے وابستہ تقریباً 3 درجن اہم شخصیات موجود تھیں۔

پریس ریلیز کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا انتہائی دشوار کام تھا جسے ایوارڈز کی انتظامیہ نے اپنے نارویجین پاکستانی رفقائے کار کے تعاون سے بخوبی انجام دیا۔

پروگرام کی ابتدا میں زارا فاطمہ اور صائم علی نے میزبانی نے کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ناروے کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ خاص طور پر پاکستان کے قومی ترانے کے دوران پس منظر میں پاکستان کے قومی ہیروز اور پاکستان کے دیدہ زیب مقامات کے بارے میں دستاویزی فلم دکھائی گئی۔

اس موقع پر پروگرام کے دیگر میزبانوں اظفر رحمان اور ثروت گیلانی نے آئی پا ایوارڈز کے روح رواں مختار احمد اور علی ملک اور ناروے میں ان کے رفقائے کار عامر جاوید شیخ اور حماد علی کو پروگرام کے متعلق گفتگو کرنے کے لیے مدعو کیا۔

پروگرام کے دیگر میزبانوں میں شہروز سبزواری، صدف کنول، احمد علی بٹ، یاسر حسین، مانی اور مومل شیخ نمایاں تھے۔

اس تقریب میں شو بز بشمول فلم اور ٹی وی وغیرہ کے شعبوں سے وابستہ شخصیات کو ان کی بہترین کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے۔ جن شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے ان میں زیبا بختیار (لائف ٹائم ایچیومنٹ)، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، یاسر حسین، احمد علی بٹ، ہانیا عامر خان، شایان خان، بشہ عباس، صدف کنول، حرا مانی، احسن طالش، ثمینہ ہمایوں، اقرار عزیز، نیلم منیر، ندیم بیگ، کبریٰ خان، حمزہ علی عباسی، مایہ علی قابل ذکر ہیں۔

پروگرام کے دوران عدنان صدیقی نے انتہائی منفرد انداز میں بانسری بجاکر شرکائے محفل کو محظوظ کیا۔ ان کے علاوہ یاسر حسین اور احمد علی بٹ نے طنز و مزاح سے حاضرین کی خوب داد وصول کی۔ عائشہ عمر، مانی، حرا، نومی انصاری اور مایہ علی بھی کمپیئرنگ کے منفرد انداز کے ساتھ پروگرام پر چھائے رہے۔

پروگرام کے دیگر میزبانوں میں سونیا مشعل، فاروق انصاری اور شہروز سبزواری شامل تھے۔ پروگرام کے دوران بعض پاکستانی ڈراموں کی جھلکیاں اور نئے اور پرانے پاکستانی گانے بھی پیش کیے گئے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوسلو میں آئی پا ایوارڈز کے پروگرام کو ابتدائی طور پر بدنظمی اور تاخیر کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن بقول انتظامیہ، اس نے بالآخر صورتحال کو قابو کرکے پروگرام کو تکمیل تک پہنچایا۔

تازہ ترین