• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارتی متنازع بل، عمران خان اور قومی اسمبلی بھی سراپا احتجاج

انڈین لوک سبھا کی سٹیزن شپ قانون سازی کی شدید مذمت کرتےہیں، عمران خان 


اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسی) قومی اسمبلی میں بھارتی لوک سبھا میں منظور کیے گئے متنازع شہریت بل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

اسپیکراسد قیصر و ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت اجلاس میں مودی سرکار کی جانب سے بھارتی لوک سبھا میں منظور کیے گئے متنازع شہریت بل کا معاملہ اٹھایا گیا، بل کی شدید مذمت کی گئی اور اس کے خلاف قرارداد بھی پیش کی گئی۔

قرارداد وفاقی وزیر شیریں مزاری نے پیش کی جسے قومی اسمبلی نے متفقہ قرارداد مذمت کے طور پر منظور کرلیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کا اقدام انسانی حقوق کے خلاف ہے یہ بل فوری طور پر واپس لیا جائے۔ 

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم انڈین لوک سبھا کی سٹیزن شپ قانون سازی کی شدید مذمت کرتےہیں جو انسانی حقوق کے بین الا قوامی قانون کی تمام روایات او ر پاکستان کے ساتھ کئے گئے دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

وزیر اعظم نےیہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آر ایس ایس ہندو راشٹرا کے توسیع پسندانہ عزائم کا حصہ ہے جس کا پراپیگنڈہ فاشسٹ مودی حکومت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں عالمی ضمیر، عالمی قانون کے پاسداران اور سلامتی کونسل سے اپیل کرنی چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارت سرکار کے ناجائز قبضے کیخلاف اقدامات اٹھائیں۔

تازہ ترین