• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمی دُنیا میں 20 سال مکمل کرنے والے بھارتی فنکار

2019 ختم ہونے میں کچھ دِن ہی باقی ہیں، آنے والا سال 2020 کچھ لوگوں کے لیے صرف ایک  نیا سال ہوگا لیکن بھارتی فلم انڈسٹری کے کچھ نامور فنکار ایسے بھی ہیں جن کے لیے 2020 بہت اہم  ہوگا کیونکہ یہ وہ فنکار ہیں جنہوں نے سن 2000 میں بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور نئے آنے والے سال میں اُن کے بالی ووڈ میں 20 سال مکمل ہوجائیں گے۔

بالی ووڈ میں 20 سال مکمل کرنے والے بھارتی فنکار یہ ہیں:

کرینہ کپور:

اپنی بڑی بہن کے نقشے قدم پر چلنے والی بھارتی اداکارہ کرینہ کپور بھی اپنی بہن بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور کی طرح بھارتی فلم انڈسٹری میں آئیں اور چھا گئیں۔ کرینہ کپور نے اپنے کریئر کا آغاز سن 2000 میں کیا تھا جب اُنہوں نے اپنی پہلی فلم ’ریفیوجی‘ کی تھی، کرینہ کپور نے اِس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اِس فلم میں اُن کے ساتھ سُنیل شیٹی، ابھیشیک بچن، جیکی شرف، رینہ رائے سمیت دیگر اداکار بھی تھے۔

اِس فلم کے بعد کرینہ کپور نے اپنی دیگر ہِٹ فلمیں بھی کیں جن میں ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’آشوکا‘، ’مجھ سے دوستی کروگی‘، ’چمبیلی‘، ’تلاش‘، ’خوشی‘اور دیگر بھی شامل ہیں۔

آج کرینہ کپور اپنے کام کی وجہ سے بالی ووڈ پر چھائی ہوئی ہیں اور 2020 میں وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے 20 سال بھی مکمل کرلیں گی۔

رہتک روشن:

اداکاری کے ساتھ ہی اپنے ڈانس کی وجہ سے مشہور بالی ووڈ فلم اسٹار رہتک روشن کو 2020 میں بالی ووڈ میں 20 سال مکمل ہوجائیں گے، رہتک روشن نے بطورِ ہیرو اپنی پہلی فلم سن 2000 میں کی تھی جس کا نام ’کہو نہ پیارہے‘، اِس فلم میں اُن کی ساتھی اداکارہ امیشا پٹیل تھیں۔ رہتک روشن نے  اِس فلم میں اتنی اچھی پرفارمنس دی تھی کہ پہلی فلم نے ہی اُن کو ایوارڈ دِلوادیا تھا اور ساتھ ہی اُنہوں نے بھارتیوں کے دِل بھی جیت لیے تھے۔

اِس فلم کے بعد اُنہوں نے ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’ فِضا‘، ’کوئی مِل گیا‘، ’مجھ سے دوستی کروگی‘، ’دھوم 2‘، ’کریش‘ اور دیگر نامور ہِٹ فلمیں بھی کیں۔

ابھیشیک بچن:

بالی ووڈ بگ بی امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بھی اپنی فلمی دُنیا کا آغاز سن 2000 میں کیا تھا اور اگلے سال وہ بھی بالی ووڈ میں اپنے 20 سال مکمل کرلیں گے، فلم ’ریفیوجی‘ صرف اداکارہ کرینہ کپور کی پہلی فلم نہیں تھی بلکہ یہ فلم اداکار ابھیشیک بچن کی بھی پہلی تھی، شروع میں ابھیشک بچن کو کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

ابھیشیک بچن کی دیگر فلموں میں ’میں پریم کی دیوانی‘، بول بچن‘، ’پا‘، ’ہاں میں نے بھی پیار کیا ہے‘، ’دوستانہ ‘، ’راون‘، ’دھوم‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔

امیشا پٹیل:

بھارتی اداکارہ امیشا پٹیل کا نام بھی اُن بھارتی فنکاروں میں شامل ہے جنہوں نے سن 2000 میں اپنے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور 2020 میں وہ اپنے 20 سال پُورے کرلیں گے، اداکارہ امیشا پٹیل نے اپنی پہلی فلم بطورِ ہیروئن رہتک روشن کے ساتھ کی تھی جس کا نام ’ کہو نہ پیار ہے‘۔ اِس فلم نے اُن کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا دیا تھا اور اِس کے بعد اُنہوں نے دیگر بڑے اداکاروں جیسے سلمان خان، اکشے کمار وغیرہ کے ساتھ بھی کافی ہِٹ فلمیں کی تھیں جبکہ اب امیشا پٹیل خاصی فلموں میں نظر نہیں آتی ہیں۔

اُدے چوپڑا :

بھارتی اداکار اُدے چوپڑا نے اپنی پہلی فلم ’محبتیں‘ سے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز کیا تھا، اِس فلم کے مرکزی کردار امیتابھ بچن اور شاہ رُخ خان تھے، اِس فلم میں اچھی پرفارمنس دینے کے بعد اُدے چوپڑا نے دیگر فلموں میں بھی کام کیا تھا اور 2020 میں اُدے چوپڑا کو بھی بالی ووڈ میں 20 سال مکمل ہوجائیں گے۔

تازہ ترین