گوگل نے رواں سال پاکستان میں سرچ کی جانے والی شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جس میں نیمل خاور سرفہرست ہیں۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اس فہرست کا حصہ ہیں۔ کھیلوں کے میدان سے کرکٹر بابر اعظم، محمد عامر اور آصف علی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
شوبز شخصیات میں پاکستان سے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد، نیمل خاور عباسی، علیزے شاہ اور بھارت سے اداکارہ سارہ علی خان سمیت گلوکار عدنان سمیع بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اینکر پرسن اور سینئر سیاسی رہنما فیصل سبزواری کی اہلیہ مدیحہ نقوی اور رواں سال فروری میں پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن بھی پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
یہ شخصیات سب سے زیادہ کیوں سرچ کی گئیں؟
گوگل ویب سرچ موضوعات کی فہرست تیار کرنے کے لیے درجہ بندی کسی بھی شخصیت پر زیادہ ٹریفک کو دیکھتے ہوئے کرتا ہے۔ مختلف وجوہات کی بناء پر مذکورہ شخصیات پاکستانیوں کا موضوع بحث رہیں اور انہیں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
نیمل خاور عباسی
پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نیمل خاور عباسی کی پاکستان کے معروف میزبان حمزہ علی عباسی سے شادی کی خبریں منظر عام پر آئیں تو اُن دنوں انہیں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
لوگوں نے انہیں شادی ، عمر اور بائیوگرافی کے عنوان سے اتنا سرچ کیا کہ نیمل 2019 کی گوگل پر پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئیں۔
وحید مراد
دنیا سے رخصت ہوئے 36 برس گزر جانے کے بعد بھی چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو اُن کے مداح نہیں بھولے۔ رواں سال ان کی وفات کے مختلف پہلووں کو پاکستانیو ں نے گوگل پر سرچ کیا اور اُن کے وفات کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی۔
وحید مراد کو اُن کی سالگرہ یعنی 2 اکتوبر کو گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ گوگل نے وحید مراد کی سالگرہ پر خصوصی ڈوڈل پیش کر کے خراج عقیدت بھی پیش کیا تھا۔
بابر اعظم
قومی کرکڑ ٹیم کے نوجوان مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم گوگل پر سب سے زیادہ سرچ ہونے والی تیسری شخصیت ہیں۔انہیں کرکٹ ورلڈ کپ کے دنوں میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
26 جون 2019 کو بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کے تیز ترین 3000 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
آصف علی
رواں سال قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی کمسن بیٹی فاطمہ کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے انتقال کر گئی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
عدنان سمیع
پاکستان کے سابق گلوکار عدنان سمیع پاکستان پر بےجا تنقید کی وجہ سے پاکستان میں موضوع بحث رہے ۔ انہیں پاکستانیوں کی جانب سے آئے روز ٹرولنگ کا سامنا رہتا ہے جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔
سارہ علی خان
بالی ووڈ میں چھوٹے نواب سے مشہور سیف علی خان کی بیٹی بھی پاکستان کے سرچنگ میں چھٹا نمبر لینے میں کامیاب رہیں ۔
محمد عامر
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر ساتویں پوزیشن لینے میں کامیاب رہے ۔کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے اور انہی دنوں انہیں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
علیزے شاہ
آئی ای پی آر کے ڈامے ’عہد وفا‘ سے مشہور ہونے والی خوبرو اداکارہ کو بھی پاکستان میں خوب سرچ کیا گیا ۔انہیں جاندار اداکاری اور ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے کی وجہ سے سرچ کیا گیا۔
ابھی نندن
سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن نویں نمبر پر رہے۔ ابھی نندن نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا اور چائے بھی پلائی تھی ۔
چائے کے بارے میں ان کا مشہو ر زمانہ جملہ ’ٹی اِز فنٹاسٹک‘ ابھی تک پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی یاد ہے ۔
مدیحہ نقوی
معروف اینکر پرسن مدیحہ نقوی کو سینئر سیاسی رہنما فیصل سبزواری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے پر پاکستان بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا تھا ۔ دونوں نے رواں سال جولائی کے مہینے میں شادی کی تھی ۔