• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بارش، بادلوں اور دھوپ میں آنکھ مچولی

 کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش


کراچی کے مختلف علاقوں میں رات ہلکی بوندا باندی جبکہ صبح سویرے بارش ہوئی جس کے بعد خنکی بڑھ گئی، شہر پر بادلوں کا راج ہے تاہم مختلف علاقوں میں دھوپ بھی نکل آئی۔

سڑکوں پر بارش سے ہونے والی پھسلن کے باعث کئی علاقوں میں متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو گئے جن میں سے کئی کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

کراچی کے علاقوں لانڈھی، ملیر، ایئر پورٹ، شارع فیصل، بہادر آباد، یونیورسٹی روڈ، گلشنِ اقبال، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، صدر، آرٹس کونسل چوک، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، تاہم بارش کے بعد مختلف علاقوں میں کہیں کہیں دھوپ بھی نکل آئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مزید بارش کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث 13 دسمبر تک شہر میں ہلکی و معتدل بارش متوقع ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 18 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں گزشتہ رات سے جاری ہلکی بارش کے سلسلے میں کل رات سے اب تک سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں صبح سویرے سے بادلوں کے ڈیرے ہیں، کہیں کہیں دھوپ بھی نکل آئی ہے جبکہ شمال مشرقی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، گزشتہ روز سے جاری ہلکی بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا، بارش کے باعث شہرِ قائد میں سردی میں اضافے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: شہرِ قائد میں کالے بادلوں کے ڈیرے، ہلکی بارش کا امکان

ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی صبح سویرے بوندا باندی ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ کے کئی شہروں میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی۔

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، زیارت اور گرد و نواح میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، خیبر پختون خوا، شمالی بلوچستان، سندھ کے بعض اضلاع، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

تازہ ترین