بلوچستان کے ضلع زیارت میں برف باری شروع ہوگئی، اب تک ایک فٹ برف پڑ چکی ہے، درخت اور پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں اور وادی انتہائی خوب صورت منظر پیش کر رہی ہے۔
سیاحوں نے برف باری دیکھنے کے لیے زیارت کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، سوات، اپر اور لوئر دیر سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ رات سے جاری ہے، جنوبی وزیرستان اور لوئر دیر کے پہاڑوں پر برفباری ہورہی ہے۔
آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر تین روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل برفباری نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
غذر اور استور کے بالائی علاقوں میں برفباری اور شہری علاقوں میں 4 روز سے بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، ہنزہ کی وادی چیپورسن میں 3 دن سے برفباری نے بجلی اور مواصلات کا نظام شدید متاثر کیا ہے۔
پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔