• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا کچن بنانا کوئی آسان کام نہیں، اس پر پیسہ بھی بہت خرچ ہوتاہے۔ لہٰذا اپنے کچن کی تعمیر کیلئےکسی بھی ڈیزائنر سے بات کرنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ تحقیق کرنا ضروری ہے۔ ایک تعمیر شدہ کچن دیکھنے سے آپ کو اندازہ ہوسکتاہے کہ ممکنہ طور پر آپ کے کچن کی شکل کیا ہوگی یا اس کے فکسچرز اور متعلقہ اشیا کیسی دکھائی دیں گی۔ 

اس کے علاوہ 3Dسوفٹ ویئرز کا استعمال بھی ایک اچھا طریقہ ہے، جس سے آپ کو معلوم ہوگا کہ نیا کچن کیا نظارہ پیش کرے گا۔ 3D سوفٹ ویئر ز یا ایپس آپ کو مختلف رنگوں کی اسکیموں اور ترتیب کے ساتھ اندازہ لگانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ آپ جب اپنے گھر کی ڈائمینشن کے ساتھ3D ویو میں اپنے کچن کا ڈیزائن دیکھتے ہیں تو آپ کو فیصلے کرنے میں زیادہ مشکل نہیں ہوتی۔

کچن کے بہت سے آن لائن ڈیزائن ٹولز ہیں، جو آزادانہ استعمال اور آپ کے نظریات کے اندازےکیلئےمثالی ہیں۔ یہ ٹولز انٹرنیٹ سے منسلک کسی بھی اَپ ڈیٹڈ کمپیوٹر پر چل جاتے ہیں اور انہیں بڑے پیمانے پر ڈاؤن لوڈز یا پیچیدہ عمل کی ضرورت نہیں ہے۔

ایزی پلانر تھری ڈی

ایزی پلانر تھری ڈی (The Easy Planner 3D) جاوا پر مبنی ایپ ہے، جو آپ کے براؤزر پر چلتی ہے۔ ایپ استعمال کرنے کے لئے کسی اندراج یا لاگ اِن کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کو یہ ایپ چلانے کیلئےبس ایک اَپ ڈیٹ شدہ براؤزر اور جاوا کا تازہ ترین ورژن درکار ہوگا۔ 

ایزی پلانر تھری ڈی ایپ آپ کو کچن کے مختلف بنیادی ٹیمپلیٹس میں سے کسی ایک کا انتخاب یا نئے سرے سے کچن ڈیزائن کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ آپ پہلے سے موجود کچن ٹیمپلیٹس میں ترمیم کرسکتے ہیں، فرنیچر تبدیل کرسکتے ہیں اور مختلف رنگ اور ان کے شیڈز آزما سکتے ہیں، یہاں تک کہ اپنے ٹائلزاورا سپلیش بھی تبدیل کرسکتے ہیں۔

آٹو ڈیسک ہوم اسٹائلر

درحقیقت آٹو ڈیسک ہوم اسٹائلر (Autodesk HomeStyler) کچن کی 2D اور 3D منصوبہ بندی کی ایپ ہے، جو کسی بھی ویب براؤزر پر کام کرسکتی ہے۔ یہ ایپ فلیش کے ذریعہ چلتی ہے، جو زیادہ تر کمپیوٹرز میں پہلے سے انسٹال ہوتاہے۔ یہ ایپ ناقابل یقین حد تک اچھا تاثر پیش کرتی ہے جبکہ اس کی تھری ڈی خصوصیات کافی متاثر کن ہیں۔ 

آپ اپنے کچن ڈیزائن کی ترتیب کا اچھی طرح سے نظارہ کرنے کے لئے کیمرے کو مختلف ڈائمنشن میں گھما کر اور زوم کرکے دیکھ سکتے ہیں۔ ایپ کی مدد سے آپ کچن کے لیے ایک یا ایک سے زائد ڈیزائن مرتب کرسکتے ہیں۔

مائی ڈیکو

ما ئی ڈیکو (My Deco) ایپ فری دستیاب ہے۔ یہ براؤزر پر مبنی 2Dاور 3D ہوم پلاننگ والی ایپلی کیشن ہے، جو گھر کے کسی بھی حصے کی ڈیزائننگ میںآپ کی مد د کرسکتی ہے۔ یہ ایپ بیشتر براؤزر میں کام کرتی ہے، جسے آپ اکاؤنٹ بنائے بغیر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ 

تاہم، اگر آپ اپنا اکاؤنٹ رجسٹر کرتے ہیں تو اپنے گھر یا کچن کا ڈیزائن دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں، اسے محفوظ کرسکتے ہیں اور سوشل نیٹ ورکس پر پوسٹ بھی کرسکتے ہیں۔ مائی ڈیکو کے بارے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں منتخب کرنے کے لئے ہزاروں اشیا موجود ہیں، جن میں کاؤنٹرز اور کیبنٹس سے لے کر چھوٹے چھوٹے گلدان، پوسٹر زاور لیمپس شامل ہیں۔

ہوم بیس کچن پلانر

2D اور 3D موڈ میں چلنے والے اس پلانرکے ٹولز کے درمیان بنیادی فرق برانڈنگ اور اپنے کچن کی تیاری کیلئے دستیاب اشیا کے انتخاب کا ہے۔ یوزر انٹرفیس اور خصوصیات کے لحاظ سے ٹولز بہت سی مماثلتیں رکھتے ہیں، یہاں تک کہ آپ کےپاس 3Dپلانر میں شامل کردہ اشیا کی شاپنگ لسٹ بنانے کا آپشن بھی موجود ہے۔ 

ہوم بیس ایپ کی ایک عمدہ اور اضافی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں آپ کو اعلیٰ کوالٹی کی تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اس ایپ کا استعمال آسان ہے ، تاہم کچھ صارفین کو اسے صحیح طریقے سے چلانے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔

تازہ ترین