پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اس سال بینظیر کی برسی ان کی جائے شہادت پر اسی جگہ منائی جائے گی جہاں انہوں نے آخری جلسہ کیا تھا۔
کراچی میں پی پی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم لیاقت باغ میں کھڑے ہوکر شہید بینظیرکا پیغام عوام کو دہرائیں گے، اسی شہر میں ذوالفقارعلی بھٹو کو شہادت نصیب ہوئی ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ اس سال پارٹی نےایک تاریخی فیصلہ کیا ہے، پی پی کو کوئی سلیکٹڈاور کٹھ پتلی قبول نہیں ہے، ہمیں حکومت کو واضح پیغام دینا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج اسی جمہوری سوچ پر حملے ہو رہے، عوام کےحقوق چھن رہے ہیں، جب طاقت کا سرچشمہ عوام ہوتےہیں تو فیصلے عوام کرتے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام دشمن حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ پیش کیا جس پر عوام پریشان ہیں اور اس نالائق حکومت نے ہماری معیشت تباہ کردی ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ وہ جمہوریت جس کے لیے بینظیراور پی پی کارکنوں نے قربانیاں دی تھی، میں کراچی سے کوئٹہ، لاہور، پشاور سمیت ہر شہر میں جارہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری آج رات کراچی پہنچ رہے ہیں ہم بہت جلد ان کا علاج کروائیں گےاور اس حکومت کو گھر پھیجیں گے۔