• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ نہ کھیلتا تو پاک فوج میں جاتا، جاوید میانداد

راولپنڈی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاویدمیانداد ملک میں ہردلعزیز شخصیت ہیں۔ ان کے کرکٹ میدانوں میں کارنامے بھلائے نہیں جاسکتے۔ کرکٹ ان کا جنون ہے تو پاک فوج ان کی محبت۔ وہ کہتے ہیں کہ دل میں فوج کے لیے بہت محبت ہے۔ اگر کرکٹ نہ کھیلتاتو فوج میں جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنڈی میں نیوز ویب سائٹ سے گفتگو میں کیا۔ خیال رہے کہ میانداد ان دنوں فوجی کیپ پہنے دکھائی دیتے ہیں۔ اس متعلق استفسار پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور اسے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فوجی کیپ پہنتا ہوں۔ کرکٹ کھیلتے وقت بھی جذبہ فوجی والا ہوتا تھا، میں نے یہ دکھایا کہ ملک کیلئے کیسے لڑا جاتا ہے۔ اس سوال پر انہوں نے یہ کیپ کیا بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی کے بھارتی فوجی کیپ پہننے کے جواب میں پہنی، تو ان کا جواب تھا میں نے کرکٹ کسی کو دیکھ کر نہیں سیکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے پر وزیر اعظم عمران خان سے اختلافات ہیں، ان سے بات ہوتی رہتی ہے لیکن اس بار اسلام آباد آمد کے موقع پر ملاقات نہیں ہوئی۔ پنڈی ٹیسٹ دیکھنے کیلئے بطور مہمان مدعو کرنے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا شکرگذار ہوں۔ خیال رہے کہ جاوید میانداد نے گذشتہ روز صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بھی فوجی کیپ سر پر سجا رکھی تھی۔

تازہ ترین