• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کا بی آر ٹی پشاور کی غلطیوں پر عمران خان سے استعفے کا مطالبہ

ن لیگ کا بی آر ٹی پشاور کی غلطیوں پر عمران خان سے استعفیٰ کا مطالبہ


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بی آر ٹی پشاور کی غلطیوں پر وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر کی بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی پشاور) میں غلطیاں تسلیم کرنے پر مریم اورنگزیب نے ردعمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور میں غلطیاں تسلیم کرنے کے بجائے عمران صاحب اپنے وزیروں، مشیروں سمیت استعفیٰ دیں۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال کر ’غلطی ہوگئی‘ کہہ کر بھاگ جائیں گے مگر ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 124 ارب روپے کے بدلے عوام کو پشاور میٹرو کے کھڈے ملے اور حکمران کہہ رہے ہیں کہ غلطی ہوگئی، یہ غلطی نہیں، آپ استعفیٰ اور حساب دیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے 90 ارب میں 4 میٹروز بنائیں، عمران صاحب 125 ارب لگا کر آج کہتے ہیں غلطی ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ 125 ارب روپے کے پشاور میں کھڈے کھودنے کے بعد غلطی تسلیم کرنا، خان صاحب! کوئی شرم اور کوئی حیا بھی ہوتی ہے۔

ن لیگی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت ان کی نالائق حکومت پر کیس بنایا جائے۔

تازہ ترین