• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق پر سختی سے عمل کرایا جائے، قبلہ ایاز

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ ملک کو جنونی انتہاپسندی اور دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے متفقہ قومی بیانیہ، پیغام پاکستان، عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق بہترین دستاویز ہے اور ملک میں امن و استحکام کو فروغ دینے کا قابل تقلید لائحہ عمل ہے۔ اس دستاویز کی مدد سے ہم پاکستان میں امن و سلامتی پر مبنی مثالی فلاحی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں تاکہ ملک کو قوم کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے۔ پاک چین دوستی سینٹر میں ’’امن کی آوازیں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ معاشرے کو دہشت گردی اور جنونی انتہا پسندی سے نجات دلانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مسالک اور مذاہب کے پیروکاروں میں امن استحکام اور باہمی اتحاد و ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے جس کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مساوی حقوق کے اصولوں پر سختی سے عمل کرایا جائے اور بلا امتیاز و تفریق جامع عادلانہ معاشرہ تشکیل دے کر نوجوانوں اور خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن و ہم آہنگی کے قیام و استحکام کیلئے ہمہ قسمی مذہبی، نسلی لسانی اور صنفی تعصبات، تشدد اور بدسلوکی کے عوامل کا مستقل سدباب کرنا اس دور کا اہم ترین تقاضا ہے۔

تازہ ترین