• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری اسپتال سے’’مردہ‘‘ قرار دی گئی خاتون کی امریکا میں موجودگی کا انکشاف

کراچی (اسد ابن حسن) 2011ء میں وفات کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون ’’مردہ‘‘ ہوکر بھی7 برس سے امریکا میں مقیم ہیں اور متعدد بار پاکستان اور امریکا کے درمیان سفر کرچکی ہیں، اس بات کا انکشاف کراچی کے امریکی سفارت خانے کے ایک افسر نے ایف آئی اے کو مراسلہ میں تحریر کیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سفارت خانے کے افسر نے مئی 2019ء کو ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالسلام شیخ کو مراسلہ تحریر کیا کہ اپریل 2019ء میں ایک فراڈ کی تحقیقات کے دوران تفتیشی افسران کے علم میں یہ بات آئی کہ پاکستانی شہریت رکھنے والی خاتون سیما کی تاریخ پیدائش 1959ء کی ہے، ان کو سندھ حکومت نے 2011ء میں مردہ قرار دیا تھا، مذکورہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ لیاری جنرل اسپتال سے جاری ہوا، وہ اپنے پاکستانی پاسپورٹ پر دنیا بھر میں سفر کرتی رہیں، ایف آئی اے ان کی آمد اور روانگی کا ریکارڈ ان کے پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے نکلوائے، وہ خاتون اب بھی پاکستان میں ہی رہائش پذیر ہیں۔ امریکا میں تحقیقات کے دوران سیما کھربے نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ وہ کراچی میں اپنے بھائی اور بہن کے گھر پر رہتی ہیں۔ انہوں نے ان کے نام بتانے اور جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے کچھ بھی بتانے سے انکار کیا۔ لہٰذا ایف آئی اے اس پر مزید باریک بینی سے تحقیقات کرکے رپورٹ سفارت خانے کو بھی روانہ کرے۔ مذکورہ مراسلے کے بعد ایف آئی اے، اے ایچ ٹی سرکل میں انکوائری شروع کی گئی جس کا نمبر 418/19ہے اور اس کے تفتیشی افسر انسپکٹر اسٹیفن ہیں۔ ایف آئی اے کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیما کھربے کا پاسپورٹ نمبر AA-4127401ہے، اس پاسپورٹ پر 2013ء تک گیارہ مرتبہ آمد اور روانگی ہوئی۔ ان کے شناختی کارڈ پر پتہ پیر مزمل شاہ اسٹریٹ، مومن آباد لیاری تحریر ہے۔ سیما سلیم کھربے کی دو اولادیں ان کی فیملی ٹری پر ظاہر ہیں، جس میں بیٹی فاریہ سلیم کھربے اور بیٹا فہد سلیم کھربے ہیں۔ سیما سلیم کھربے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ لیاری جنرل اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے جاری کیا جس پر تاریخ وفات 8؍جون 2011تحریر ہے۔ اس ڈیتھ سرٹیفکیٹ جو 2011ء میں جاری ہوا، اس کی تصدیق کے لیے فاریہ سلیم کھربے نے یونین کونسل 6میں درخواست دی اور سیکرٹری یونین کونسل شاہ بیگ لین نے تصدیق نامہ جاری کردیا۔ تفتیشی حکام نے سیما کھربے کے لیاری والے گھر پر چھاپہ مارا تو معلوم ہوا کہ وہ کلفٹن میں رہائش پذیر ہیں۔ کلفٹن کے پتے پر جب ٹیم پہنچی تو وہاں تالا لگا ہوا تھا پڑوسیوں سے معلومات حاصل کی گئیں تو بتایا گیا مذکورہ مکان میں لوگ رہائش پذیر تھے مگر تقریباً پندرہ یوم سے یہاں اب تک کوئی نظر نہیں آیا اور تالا لگا رہتا ہے۔
تازہ ترین