لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کر رہاہے اور ہمارے حکمران ٹیپو سلطان کی راہ پر چلنے کے نعرے لگانے کے بعد خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، قوم کسی قیمت سقوط سرینگر نہیں ہونے دیگی ۔ قوم کسی قیمت پر سقوط سرینگر نہیں ہونے دے گی۔ کشمیر میں 133 دنوں سے بدترین کرفیو ہے ۔کشمیر ی مائیں بہنیں اور بیٹیاں چیخ و پکار کر رہی ہیں مگر کوئی محمد بن قاسم اور محمود غزنوی ان کی پکار سننے والا نہیں ۔ حکمرانوں نے سقوط ڈھاکہ سے کوئی سبق سیکھا ہوتا تو آج کشمیر کے مسئلے پر ہاتھ پہ ہاتھ دھرے نہ بیٹھے ہوتے ۔بھارتی اقدام کا جواب نہ دے کر حکمرانوں نے قومی امنگوں کا خون کیا ۔ سیرت مصطفیٰ ؐ ہمیں اپنے کمزور اور مظلوم بھائیوں کا سہارا بننے اور متحد ہو کر ظلم کا خاتمہ کرنے کا درس دیتی ہے ۔ مسلمان نہ ظلم کرتا اور نہ ظلم کو برداشت کرتاہے ۔ 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں لوگ اسلام آباد کشمیر مارچ میں شریک ہوکر بے ضمیر حکمرانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اورانہیں جگانے کی کوشش کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے دیر میں سیرت مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 16 دسمبر نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے ایک تازیانے کی حیثیت رکھتاہے اور ہر سال ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اگر دشمن کے مقابلے میں متحد ہو کر پوری قوت سے دشمن کا مقابلہ نہیں کرو گے تو اس کا خمیازہ تمہاری آنے والی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔