• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چند برسوںمیں چار ٹورازم زونز بنائیں گے،وزیرسیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا

کراچی(جنگ نیوز)وزیرسیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دنیا میں بہترین سیاحتی مقام قرار پانا خوشی کی بات ہے،ویزوں میں آسانی اور این او سیز کی شرط ختم کرنے کی وجہ سے پاکستان سیاحوں کیلئے پسندیدہ ملک بن گیا ہے، پاکستان میں سیاحت فروغ پارہی ہے اور سیاح یہاں آرہے ہیں،پاکستان کا امیج بہتر کرنے کیلئے عالمی وی لاگرز کو پاکستان لے کر آئے ہیں آئندہ چند سالوں میں چار ٹورازم زونز بنائیں گے، پاکستان میں مذہبی سیاحت کا بھی بڑا اسکوپ پایا جاتا ہے،ٹورازم سب سے جلدی زرمبادلہ اور روزگار مہیا کر سکتا ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ پروگرام میں بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت سے بھی گفتگو کی گئی۔رئیس انصاری نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے میں حسان نیازی پیش پیش تھا، پولیس حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے بہت سنجیدگی سے کوشش کررہی ہے، پستول لے کر دکانیں بند کروانے والے وکیل ملک عدیل اور فیاض الحسن چوہان کے بال کھینچنے والے وکیل کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ عابد علی نے رشتے دار اوپنرز کے بیچ میں سے نکل کر ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے، ایسے لوگوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں نہ لایا جائے جن کے رشتہ دار کرکٹ کھیل رہے ہیں۔وزیرسیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا عاطف خان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری،دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے کیلئے عالمی وی لاگرز کو پاکستان لے کر آئے، پاکستان آنے والے وی لاگرز یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر گئے ہیں۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات تک پہنچنے کیلئے انفرااسٹرکچر پر کام کیا جارہا ہے، خیبرپختونخوا میں 14نئے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے،آئندہ چند سالوں میں چترال، سوات، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں چار ٹورازم زونز بنائیں گے۔ عاطف خان نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کا بھی بڑا اسکوپ پایا جاتا ہے، خیبرپختونخوا میں بدھ مت کے ماننے والوں کیلئے ڈھائی ہزار سال پرانے 2ہزار مقامات ہیں، کوریا اور تھائی لینڈ کے چیف مونک اپنے وفد کے ساتھ یہاںآ چکے ہیں جبکہ چین سے بھی لوگ آرہے ہیں، اسکیئنگ ریزورٹ ،چیئرلفٹ ، واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کیلئے کام کررہے ہیں۔
تازہ ترین