• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پچھلے دنوں اسلام آباد میں ایک نہایت اچھے فلاحی ادارے حاجی عبدالحکیم ٹرسٹ کی سالانہ تقریب میں شرکت کی۔ دراصل میں لاہور میں اپنے زیرِ تعمیر فلاحی اسپتال کے سلسلے میں لاہور گیا تھا پروگرام کے تحت مجھے ایک دن بعد آنا تھا مگر جنرل چوہان نے (جو پاکستان آرمی کے سرجن جنرل رہ چکے ہیں اور ہمارے KRLاسپتال اسلام آباد کے بانیوں میں سے ہیں) نےمجھے اس فنکشن کے بارے میں مطلع کیا کہ اب ان کے (اور میرے) عزیز دوست ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان نے مجھے اس فنکشن میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔ میں کتنا ہی مصروف کیوں نہ ہوں میں ایسے قابلِ تحسین فلاحی کاموں میں ضرور شرکت کرتا ہوں۔ میں لاہور سے ایک روز پہلے آگیا اور اسلام آباد میں اتوار کو اس روح پُرور تقریب میں شرکت کے لئے پہنچ گیا۔ ہال پوری طرح بھرا ہوا تھا، اسلام آباد کی مشہور شخصیات وہاں موجود تھیں۔ مجھے سب سے زیادہ خوشی نہایت پیارے پرانے دوست جنرل(ر) کمال اکبر سے مل کر ہوئی۔ لیفٹیننٹ جنرل کمال اکبر ہمارے پرانے رفیق کار لیفٹیننٹ جنرل(ر) ریاض احمد چوہان کے بھی بہت پیارے دوست ہیں۔ اچھی شخصیت کے مالک ہیں، درازقد، گورا رنگ، چاق و چوبند بدن۔ اسٹیج پر ہم ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان، چیئرمین حاجی عبدالقیوم ٹرسٹ اور چند دوسرے معزز مہمانان گرامی کے ساتھ بیٹھ گئے۔ ایسی تقاریب میں مجھے عموماً تھوڑی مشکل یہ پیش آتی ہے کہ حاضرین محبت کا اظہار کرنے کو گھیر لیتے ہیں اور مصافحہ کرکے دعائیں دیتے ہیں۔ میں کبھی بھی ایسے حالات میں برا نہیں مانتا کہ یہ کفرانِ نعمت کے زمرے میں آئے گا۔ میں مسکرا کر سب سے ملتا ہوں۔ بعض اوقات سیکورٹی والے مداخلت کرتے ہیں تو ان کو منع کردیتا ہوں۔ اسٹیج پر جنرل کمال اکبر میرے ساتھ ہی بیٹھے اور ہم پرانی یادیں تازہ کرتے رہے۔ نہایت پُرمزاج شخصیت کے مالک ہیں۔

حسبِ روایت تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت ِ رسول مقبول سےہوا ۔ پھر چند حاضرین کا جو اس ادارے کے کرتا دھرتا ہیں، کا مختصراً تعارف کرایا گیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان نے تفصیلاً اس ٹرسٹ کے فلاحی کاموں پر روشنی ڈالی، یہ ادارہ غیرسیاسی ہے اس کے کارکن صرف اللہ کی رضا کے لئے یہ کام کرتے ہیں۔ دراصل اس ادارے کے کارکن کلام اِلٰہی (سورۃ البقرہ، آیت 245) پر عمل کرتے ہیں، ’’کون ہے جو اللہ تعالیٰ کو قرض حسنہ دے اور پھر اللہ تعالیٰ کئی گنا بڑھا کر عطا فرمائے گا اور اللہ ہی تمہارے رزق میں تنگی اور کشادگی کرتا ہے اور تم اُسی کی طرف لوٹائے جائو گے‘‘۔ اس ٹرسٹ کے کارکن اللہ تعالیٰ کی رضا پر یقین رکھتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ ٹرسٹ نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز 8اکتوبر 2005کے دل دہلانے والے زلزلے سے متاثر تحصیل بالا کوٹ کے مشہور گائوں اتفاق نگر (بھنگیاں) کے بےسہارا اور دُکھی افراد کو مفت طبّی اور تعلیمی امداد پہنچانے سے کیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس ادارے کی سرگرمیاں بڑھتی گئیں اور اس وقت طب اور تعلیم کے علاوہ ایمرجنسی ریلیف، رمضان پیکیج، عیدالفطر پیکیج، اجتماعی قربانی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

(1)تعلیم۔ 2018میں ٹرسٹ نے 61طلبہ و طالبات میں وظائف تقسیم کئے۔ ادارہ سال میں دو مرتبہ مستحق اور ہونہار طلبہ و طالبات کو وظائف ادا کرتا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں ادارے نے گیارہ لاکھ ستائیس ہزار، آٹھ سو روپے خرچ کئے اور اس سال یعنی 2019میں تقریباً 13لاکھ روپے تقسیم کئے۔ بھنگیاں میں ایک لائبریری قائم کی ہے جس سے سینکڑوں افراد استفادہ کرتے ہیں۔

(2)صحت۔ ٹرسٹ کے زیرنگرانی بھنگیاں میں قائم فری کلینک نے سال بھر لوگوں کو مفت طبی سہولت فراہم کی۔ تجربہ کار، کوالیفائڈ ڈاکٹروں نے لوگوں کا معائنہ کیا اور مشورے دیئے اور دوائیں دیں۔ 2018میں تقریباً 15000مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور مفت دوائیں دیں۔ ان مفت طبی سہولتوں پر ٹرسٹ نے تقریباً17 لاکھ روپے خرچ کئے۔

(3)رمضان پیکیج۔ ماہِ رمضان کےدوران ٹرسٹ نے حسبِ معمول بالاکوٹ، سوات، چارسدہ اور راولپنڈی کے پسماندہ علاقوں میں رمضان پیکیج تقسیم کیا۔ تحصیل بالاکوٹ میں 255، سوات میں 80، چارسدہ میں 50اور راولپنڈی میں 100خاندانوں کو یہ پیکیج دیا گیا۔ مجموعی طور پر تقریباً 500لوگو ں کو ایک مہینہ کا راشن فراہم کیا گیا۔ اس مد میں تقریباً 12لاکھ روپے صرف ہوئے۔

(4)اجتماعی قربانی۔ اس سال بھی عیدالاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی ادا کی گئی۔ سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی بالاکوٹ، چارسدہ اور سوات میں ادا کی گئی۔ گوشت کی تقسیم مستحق افراد میں کی گئی۔ اس سلسلے میں تقریباً 15لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔

اس طرح 2019-2005میں تعلیم و وظائف کے سلسلے میں تقریباً سوا کروڑ روپے کے وظائف تقسیم کئے گئے۔ صحت و طب کے شعبے میں تقریباً ایک کروڑ ساٹھ لاکھ خرچ کئے گئے۔ رمضان المبارک میں تقسیم کئے جانے والے راشن پر تقریباً ستر لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ اس طرح عیدالاضحی پر اجتماعی قربانیوں پر تقریباً ایک کروڑ پانچ لاکھ صرف کئے گئے۔ حاجی عبدالحکیم ٹرسٹ راولپنڈی میں تھیلسمیا بلڈنگ (جس کی بنیاد میں نے جنرل فہیم الدین خان، جنرل چوہان اور ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان کے ساتھ رکھی تھی) ٹیپو روڈ پر ہے۔ آپ اپنے عطیات زکوٰۃ وغیرہ میزان بینک چاندنی چوک، اکائونٹ نمبر 0100270602برانچ کوڈ 0803میں جمع کرا سکتے ہیں۔ اس نیک فلاحی کام میں آپ آئیں اور ہاتھ بٹائیں۔

(نوٹ)اسلام آبا دمیں ایئرپورٹ روڈ پر کئی ماہ سے بجلی کے کھمبے کھڑے ہیں مگر ان کو روشن نہیں کیا گیا اسی طرح پشاور موڑ سے ایئر پورٹ جانے والی میٹرو بس کا وہی حال ہے جو پشاور میٹرو بس کا ہے۔ اللہ پاک موجودہ حکمرانوں کو جلد موقع دے کہ وہ یہ کام بھی جلد از جلد کردیں۔ آمین!

تازہ ترین