• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر میڈیکل یونیورسٹی و کالج میں ٹیچنگ فیکلٹی کی کمی دورنہ ہوسکی

ملتان(سٹاف رپورٹر)نشتر میڈیکل یونیورسٹی و کالج میں ٹیچنگ فیکلٹی کہ کمی کا معاملہ ایک برس بیت جانے پر بھی حل نہ ہو سکا۔پائینرز یونٹی کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیاگیاہے۔نشتر میڈیکل یونیورسٹی و کالج میں مختلف شعبہ جات میں پروفیسر اسسٹنٹ پروفیسر،ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی 50 کے قریب اسامیاں ایک سال سے زائد گزر جانے پر بھی خالی ہیں۔اس حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ کو گزشتہ ماہ ہوش آیا اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نے اس حوالے سے 11 اور 12 دسمبر کو انٹرویو کروا کے بھرتیاں کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو باقاعدہ مراسلہ بھجوا دیا تھا تاہم سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے پانچ روز قبل مراسلہ جاری کر دیا گیا جس میں نشتر انتظامیہ کی جانب سے دئیے گئے اشتہار کو کرائیٹیریا سے متصادم قرار دیتے ہوئے اسامیاں دوبارہ مشتہر کرنے کا کہہ کر انٹرویوز منسوخ کر دئیے ۔اس حوالے سے گزشتہ روز پائنیرز یونٹی کا ہنگامی اجلاس پروفیسر ڈاکٹر شاہد راو کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی،ڈاکٹر نصرت بزدار،ڈاکٹر آفتاب حیدر،ڈاکٹر عبدالمنان اور ڈاکٹر ساجد اختر سمیت دیگر ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد راؤنے کہا کہ نشتر انتظامیہ کی نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت نہیں ہو سکتا کہ ایک سال سے خالی پڑی اسامیوں پر بھرتی کی ایک امید پیدا ہوئی اور اس کیلئے بھی ایک اشتہار ٹھیک سے نہیں دیا جا سکا جبکہ اسامیاں پر نہ ہونے کی وجہ سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے بیشتر شعبہ جات کے حالات انتظامی طور پر نہایت ابتر ہو چکے ہیں۔اس موقع پر پائینرز یوںٹی کے تمام عہدیدران نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر آسامیاں پر نہ کی تو بھرپور احتجاج کیا جائےگا۔
تازہ ترین