پشاور(نامہ نگار) پشاورکسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے عملہ نے رنگ روڈ پشاورپر مسلح افراد کے ساتھ مشت گریبانی کے بعدلا کھوں روپے مالیت کے 962غیر قانونی موبائل فونز سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم بعد میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ۔ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس سے اطلاع تھی کہ بھاری تعداد میں غیرقانونی موبائل فونز موٹر وے کے ذریعے راولپنڈی سمگل کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس راشد حبیب نے موٹر وے پولیس سے رابطہ کیا اور اس بارے بتایا اس دوران جب موٹر وے پولیس نے کرنل شیر خان انٹر چینج چیک پوسٹ پر گاڑی نمبر بی وائی اسلام آباد 048کو روک کر اس کی تلاشی لی تو اُس سے سمگل شد ہ کیو موبائل کی پیڈکی ایک بھاری کھیپ برآمد ہوئی۔ جو بعد میں کسٹمز حکام کے حوالے کئے گئے جسے لے کر جب کسٹمز عملہ پشاور کی طرف آرہا تھا تو رنگ روڈ پر مسلح افراد نے کسٹمز عملے سے موبائل اور گاڑی چھیننے کی کوشش کی اس دوران فائرنگ بھی کی گئی تاہم انٹیلی جنس عملہ بحفاطت موبائل سے بھری گاڑی دفتر لے جانے میں کامیاب ہو گیا جبکہ مسلح افراداپنی گاڑی عملہ سے چھڑا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ بھانہ ماڑی میں درج کی گئی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔