• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔

ڈاکٹر فریال تالپور اور عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان کو اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے۔

نیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایک ملزم نے پلی بارگین کی درخواست کر دی، کیس پر کارروائی جاری ہے، ملزم یونس کوڈواوی کینیڈا فرار ہوگیا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ کیس میں ابھی ملزمان کے نمائندے مقرر ہونے ہیں اور آصف علی زرداری کو بھی نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دینی ہے کیونکہ وہ علیل ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کے لیے جو مچلکے جمع ہونے ہیں وہ کم از کم 10لاکھ روپے کے ہونے چاہئیں۔

اس پر عدالت نے قرار دیا کہ مزید سماعت 7 جنوری کو ہی ہو گی اور اسی دن فیصلہ کیا جائے گا کہ آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے کون سی تاریخ مقرر کرنی ہے۔

دورانِ سماعت آصف زرداری کے وکیل سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی جانب سے اپنے مؤکل کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی اور عدالت کو بتایا گیا کہ آصف زرداری علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اس لیے انہیں ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 جنوری تک توسیع کر دی۔

عدالت نے فاروق نائیک کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کو ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور کیس کی مزید سماعت7جنوری تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین