وزیراعظم عمران خان کا 2007ء میں جنرل (ر) پرویز مشرف کے اقدام پر موقف کیا تھا؟
عمران خان نومبر 2007ء میں جب اپوزیشن میں تھے تو کہا تھا جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایمرجنسی لگا کر اور ججز کو نظر بند کرکے آئین شکنی کی ہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ جنرل پرویز مشرف پر سنگین غداری کا آرٹیکل 6 لگنا چاہیے اور انہیں سزا بھی ملنی چاہیے۔
واضح رہے کہ سنگین غداری کیس سننے والی خصوصی عدالت نے جنرل (ر) پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت دینے کا حکم سنایا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر آئین توڑنے، ججز کو نظر بند کرنے، آئین میں غیر قانونی ترامیم کرنے، بطور آرمی چیف آئین کو معطل کرنے اور غیر آئینی پی سی او جاری کرنے کے آئین شکنی کے جرائم ثابت ہوئے ہیں۔
ادھر سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے صلاح مشورے کے بعد عدالتی فیصلے پر ردِ عمل دیں گے۔