• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف نے40سال وطن کی خدمت کی، جنگیں لڑیں، غدار نہیں ہو سکتے، ترجمان پاک فوج


راولپنڈی (مانیٹرنگ سیل ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے جنرل (ریٹائرڈ )پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے پر اپنےردعمل میں کہا ہے کہ پرویز مشرف غدار نہیں ہو سکتے، کیس میں آئینی تقاضے پورے نہیں ہوئے.

فیصلے پر فوج میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، مشرف آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور صدرِ پاکستان رہ چکے، 40سال وطن کی خدمت کی ، ملکی دفاع کے لیے جنگیں لڑیں، غدار نہیں ہو سکتے۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے جنرل (ر)پرویز مشرف کو غدار قراردیتے ہوئے سزائے موت کا حکم سنایا جس کے بعد جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو) راولپنڈی میں اعلیٰ عسکری قیادت کا اجلاس ہوا اور اس معاملے پر مشاورت کی گئی۔ 

اجلاس کے بعد پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پرافواجِ پاکستان میں شدید غم وغصہ اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ 

پرویز مشرف آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور صدرِ پاکستان رہ چکے ہیں، انہوں نے 40 سال سے زائد پاکستان کی خدمت کی ہے اور ملک کے دفاع کیلئے جنگیں لڑی ہیں، وہ کسی صورت بھی غدار نہیں ہو سکتے۔ 

ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مشرف کیخلاف کیس میں آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، خصوصی عدالت کی تشکیل کیلئے بھی قانونی تقاضے پورے نہیں ہوئےاور جنرل (ر) پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا بنیادی حق بھی نہیں دیا گیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا ہے کہ عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی اورکیس کو عجلت میں نمٹایا گیا ہے لہٰذا افواجِ پاکستان توقع کرتی ہیں کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کو آئین پاکستان کے تحت انصاف دیا جائے گا۔

تازہ ترین