اسلام آباد،سکھر (آئی این پی ،بیورو رپورٹ) عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور پیپلزپارٹی کےسینئر رہنما خورشید شاہ کی بھی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے نیب کی جانب سے خورشید شاہ کی مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت سکھر نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔90دنوں سے نیب کی حراست میں رہنے والے پی پی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو پانچ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر منگل کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران سید خورشید شاہ کے وکیل رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ خورشید شاہ کو گرفتار کئے 90 روز گزر گئے مگر نیب کی جانب سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا جاسکا اور نہ ہی ریفرنس پیش کیا گیا ہے۔