اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)ایل این جی کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ نیب نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف گواہ بنا لیا۔ شیخ رشید ایل این جی کیس میں لیگی رہنما شاہد خاقان کیخلاف احتساب عدالت میں نیب کے پہلے گواہ ہونگے۔ ایل این جی ریفرنس میں نیب گواہان کی فہرست کے مطابق استغاثہ کی جانب سے مجموعی طور پر 59 گواہان عدالت میں پیش کیے جائینگے جن میں وزارت توانائی کے 4 افسران بھی شامل ہیں۔ گواہوں کی فہرست میں وزارت توانائی کے محمد حسن بھٹی، نواز ورک، عبدالرشید جوکھیو اور عمر سعید بھی شامل ہیں، قائمقام جنرل منیجر سوئی سدرن گیس فصیح الدین اور ڈائریکٹر پوسٹ قاسم اتھارٹی جمیل اجمل بھی استغاثہ کے گواہ ہوں گے۔شیخ رشید کئی بار شاہد خاقان پر کرپشن کے الزامات اور مناظرے کا چیلنج دے چکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی پر بطور وزیرِ پیٹرولیم ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو دینے کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق ٹھیکے سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔