وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا پھر اس میں رکھنے پر غور کیا گیا۔
مریم نواز شریف کے نمائندے عطا تارڑ نے کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، فیصلے کے اعلان سے متعلق تاحال کوئی ٹائم نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ ذیلی کمیٹی نے اجلاس میں بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آج موصول ہوا ہے، لہٰذ ہائی کورٹ نے جو 7 دن کا وقت دیا ہے وہ آج سے شروع ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کی سزا کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کیا ہے، سپریم کورٹ نے بھی مریم نواز کی سزا معطل کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
مریم نواز کے نمائندے نے کہا کہ ایون فیلڈ کیس میں اپیل عدالت میں زیر سماعت ہے، چوہدری شوگر ملز کیس میں بھی مریم نواز کی ضمانت ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کسی بھی ادارے کو مطلوب نہیں ہیں، مریم نواز کو جب بھی بلایا گیا ہے انہوں نے تعاون کیا۔