• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریار منور کی گوردوارہ ننکانہ صاحب پر حاضری

معروف اداکار شہریار منور نے اپنے دوست اور بھائی کے ہمراہ ننکانہ صاحب پرحاضری دی۔

گزشتہ روز معروف اداکار شہر یار منور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شیئر کیں جس میں وہ اپنے دوست اور بھائی کے ہمراہ گورودوارہ ننکانہ صاحب پر موجود ہیں۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میرا بھائی اور دوست کرن سنگھ جو کہ لندن سے خاص مجھ سے ملنے پاکستان آیا ہے اور وہ چاہتا تھا کہ گوردوارہ ننکانہ صاحب پر حاضری دے۔‘


شہریار منور نے لکھا کہ ’اِس سلسلے میں میرے بھائی منوچہر نے ہمارے لیے اِس سفر کی تیاری کی اور ہم لوگ صبح سویر ے لاہور سے ننکانہ صاحب کے لیے روانہ ہوئے، دو گھنٹے کے سفر کے بعد ہم لوگ ننکانہ صاحب پہنچے اور  یہ ہمارے لیے ایک بہت اچھا تجربہ تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’گوردوارہ ننکانہ صاحب کی انتظامیہ نے گرم جوشی اور خلوص و محبت کے ساتھ ہمارا استقبال کیا، ہم نے اِس خوبصورت اور تاریخی مقام پر دو گھنٹے کے قریب وقت گُزارا جو کہ ہماری زندگی کا بہت ہی اچھا وقت تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ ہم نے وہاں لذیذ اور مزیدار لنگر بھی کھایا اور اُس کے بعد گرما گرم اور کڑک چائے کا کپ بھی پیا۔‘

اُنہوں نے سیاسی نفرت کےحوالے سے لکھا کہ ’ہم ایک ایسے خطے میں مقیم ہیں جہاں سیاست کو ایک ایسے آلے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جو کہ پورے خطے میں نفرت پھیلارہا ہے لیکن مجھے فخر ہے اور اطمینان ہے یہ جان کر کہ میرا ملک اور میرے ملک کے لوگ ہر مذہب کے لوگوں کا احترام کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’ننکا نہ صاحب پر حاضری کے بعد میرے دِل کو اطمینان تھا اور میرے دوست کرن سنگھ کے چہرے پر ایک مسکراہٹ تھی جسے دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔‘

آخر میں اُنہوں نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

تازہ ترین