• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اوپنرز کی شاندار سنچریاں


کراچی ٹیسٹ میں تیسرے دن کا کھیل جاری ہے جس میں دونوں پاکستانی اوپنرز نے اپنی شاندار سنچریاں  اسکور کیں۔

پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگ کی برتری ختم کرتے ہوئے دن کے آخری سیشن میں اب سے کچھ دیر پہلے تک 2  وکٹ کے نقصان پر 90  اوورز میں 356 رنز بنالیے ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں جبکہ ٹیسٹ میں مزید 2 دن کا کھیل ابھی باقی ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 277 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے اور اس وقت وکٹ پر  کپتان اظہر علی کے ساتھ بابر اعظم وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان جانب سے شان مسعود 135 اور عابد علی 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز پچ کا رویہ اچانک تبدیل ہوا اور یاسر شاہ سمیت سری لنکن اسپنرز کو وکٹ سے زیادہ مدد نہیں ملی۔

پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز کے کھیل کا اختتام 57 رنز بغیر کسی نقصان کے ختم ہوا جس میں عابد علی کے 4 چوکوں کی مدد سے 32 اور شان مسعود کے 21 رنز شامل تھے۔

گزشتہ روز کے کھیل کی خاص بات نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کیریئر بیسٹ بولنگ تھی، انہوں نے 77رنز دے کر 5 وکٹ حاصل کئے لیکن وہ سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں80رنز کی برتری سے نہیں روک سکے۔

19سالہ شاہین نے اپنے ساتویں ٹیسٹ میں 5 وکٹ لینے کا اعزاز حاصل کیا، اس سے قبل ان کی بہترین بولنگ64رنز دے کر 4 وکٹ تھی، دوسری جانب آؤٹ آف فارم یاسر شاہ کی بولنگ نے سری لنکا کی بیٹنگ کو سیٹ ہونے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔

تجربہ کار محمد عباس نے 55رنز دے کر 4 شکار کیے، جبکہ حارث سہیل نےبھی ایک وکٹ لی ۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ74رنز 10 چوکوں کی مدد سے بنائے، انہوں نے 174گیندوں کا سامنا کیا اور دھنن جایا ڈی سلوا کے ہمراہ 67رنز کی شراکت قائم کی۔

دوسرے دن چائے کے وقفے کے بعد سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے پاکستان کے خلاف 80 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

تازہ ترین