• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

فوج نے3بار جمہوریت کو بچایا، بھٹو سمیت تمام سیاست دانGHQ گیٹ4 کی پیداوار، شیخ رشید

ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4کی پیداوار ہیں، شیخ رشید


لاہور(اے این این ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے تمام سیاستدان جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ʼفوج نے تین مرتبہ آئین اور جمہوریت کو بچایا، عدلیہ اور افواج پاکستان کے اہم ستون ہیں، آپس میں نہیں ٹکرائیں گے، بعض لوگ وزیراعظم عمران خان اور اداروں کے مابین تصادم چاہتے ہیں لیکن ʼآج کی عظیم پاک فوج وہ پرانی فوج نہیں وہ (فوج)جمہوریت کو ملکی ترقی کے لیے لازم و ملزوم سمجھتی ہے، وزیراعظم ملکی مفاد میں کوالالپور سمٹ سے پیچھے ہٹے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ملک اور قوم کے لیے یو ٹرن لیتے ہیں، مشرف کو غدار نہیں سمجھتا، مودی بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و تشدد کر رہا ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے نئے چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جسٹس گلزار احمد کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک اور آگے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پلی بارگین نہیں کریں گے تو مریم نواز کی طرح سیاست سے باہر ہو جائیں گے۔ 

چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول سادہ اور بچے نہیں، وہ زرداری گروپ کے سی ای او رہے ہیں، ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن پر بلاول کے دستخط ہیں، یہ لوگ ضمانتیں کروانے کے لیے اپنے کیسز سندھ منتقل کروانے کی ضد کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں اور وہ نیا کوٹ، نیا ہیٹ پہنے لندن میں گھوم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بڑے بھائی کو پہلے سعودی عرب اور اب لندن لے کر گئے ہیں، شہباز شریف سے متعلق بھی جلد اچھی خبریں آنے والی ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مجھ سمیت کابینہ کے 16 ارکان نے ووٹ دیا کہ نواز شریف کو جانے دیں، عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانےکا افسوس ہے اور رہے گا، لیکن عمران خان سمیت کوئی سیاستدان اپنے اوپر کسی کی موت کا الزام نہیں لینا چاہتا۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میں مشرف کو غدار نہیں سمجھتا وہ محب وطن ہیں، 40 سال تک خدمت کرنے والے آرمی چیف کا مقابلہ کرپٹ مافیا سے نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ثابت کرے کہ مشرف نے ایک پیسے کی بھی کرپشن کی ہو، میں نے فیصلے کے پیرا گراف نمبر 66 کی ڈٹ کر مخالفت کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایک دن صحافیوں کو بھی جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے اندر لیکر جاؤں گا۔

انہوں نے اقرار کیا کہ بے شک جمہوریت سے مسائل اس طرح حل نہیں ہوئے جس طرح ہونے چاہیے تھے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا حوالہ دے کر کہا کہ انہوں نے کرپشن کو ملک کی تباہی کا ذمہ ٹھہرایا جب کہ میں کہتا ہوں کہ کرپشن غداری کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ معاشرہ اور سیاستدان غریب کو سوکھی روٹی اور چھت نہیں دے سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسائل کو حل کریں گے اور ملک ترقی کرے گا۔

شیخ رشید نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف سے متعلق کہا کہ وہ میری پارٹی کا آدمی ہے کبھی مشرف کے خلاف زبان نہیں کھولے گا، نہیں کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلتا ہے، دونوں طرف کھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون سی پیک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔  

تازہ ترین