ملتان (سٹاف رپورٹر) تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی وائس چیئرمین سردار شاہ محمد خان ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے فلور پر 2 منظور شدہ قرار دادیں موجود ہیں جن میں سے ایک صوبہ ملتان اور دوسری صوبہ بہاولپور کے نام سے ہیں مگر کچھ عاقبت نااندیش سیاسی رہنماؤں کی ذاتی انا اورمفادپرستی کی وجہ سے آج تک صوبے کا قیام عمل میں نہیں آسکا،اس خطے کے تمام مسائل کا حل اورعوام کی خواہش محض صوبے کے قیام میں مضمر ہے،ہر سیاسی جماعت اس خطے کو صوبہ بنانے کا وعدہ کرکے ووٹ حاصل کرتی ہے مگر ایوان اقتدار میں پہنچنے کے بعد وہ تمام وعدے بھول کر اس خطے کے عوام کا استحصال شروع کردیتی ہے،خطے سے تعلق رکھنے والے ممبران پارلیمنٹ بھی سیاسی مصلحتوں اورمفادات کی بناء پر زبان پر قفل لگا لیتے ہیں جبکہ اس طرح عوامی مینڈیٹ کا مذاق اڑایا جاتا ہے،تحریک صوبہ ملتان اس خطے کے عوام کا مزید استحصال برداشت نہیں کرے گی،یہ تحریک اس خطے کی حقیقی آواز ہے ،ہم ایوان اقتدار میں براجمان سیاسی رہنماؤں کو بتانا چاہتے ہیں کہ خطے کے عوام اپنا علیحدہ صوبہ حاصل کرنے کیلئے متحد ہیں۔