لندن (مرتضیٰ علی شاہ/ سعید نیازی) پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو موت کی سزا سنائے جانے کے خلاف پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے آل پاکستان مسلم لیگ کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کے شرکا پرویز مشرف اور پاکستانی فوج کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔ اے پی ایم ایل اوورسیز کے صدر افضال صدیق نے کہا کہ خصوصی عدالت کے جج نے اپنے فیصلے میں پرویز مشرف کے حوالے سے جن الفاظ کا استعمال کیا ہے، وہ تضحیک آمیز ہیں۔ یہ مقدمہ ہی غیر قانونی تھا، کیونکہ جو واقعہ2007ء میں ہوا، اس پر 11-2010ء میں بنائے گئے قانون کے تحت مقدمہ چلا، جوکہ سراسر غلط ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ٹرائل کو فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے جبکہ اس کا پیرا گراف 66 توہین آمیز ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یہ فیصلہ پرویز مشرف کے خلاف نہیں بلکہ پاکستانی فوج کے خلاف ہے اور ہم پاکستان کی افواج پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ اے پی ایم ایل برطانیہ کے صدر سعید بھٹی نے کہا کہ پرویز مشرف نے 40سال تک پاکستان کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے جنگیں بھی لڑیں اور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ بجائے اس کے انہیں ملک کا کوئی اعلیٰ اعزاز دیا جاتا۔ انہیں غدار قرار دے دیا گیا جوکہ ناقابل قبول ہے۔ مشرف کے دور میں پاکستان نے جس طرح ترقی کی اس کی گواہی سب دیتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز کیا، جس کے سبب ملک میں آج امن و سکون ہے۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کھلم کھلا حکومت کو پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کیس دائر کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ مظاہرے سے آصف شہزاد، آدم غیاث الدین، فہمیدہ عباسی، الطاف شاہد کے علاوہ نعیم عباسی، محمد ساجد خان، ذیشان چوہدری، نائلہ خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں پرویز مشرف کو سننے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی، انہیں انصاف پر مبنی ٹرائل کا موقع فراہم نہیں کیا گیا جبکہ جس طرح یہ مقدمہ چلایا گیا، اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ انتقام کی ایک کارروائی تھی۔ پرویزمشرف غدار نہیں بلکہ پاکستان کے محسن ہیں۔ انہوں نے نہ صرف فوج کے سالار بلکہ صدر پاکستان کے طور پر بھی جو خدمات سرانجام دیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔ بعض عناصر فوج پر تنقید کے لئے مشرف کو استعمال کر رہے ہیں۔ نعیم عباسی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز اپنی پاک دھرتی اور افواج کے ساتھ ہیں اور وہ کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شرکا پرویز مشرف اور پاک فوج کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔