لاہور (جنگ نیوز، اے این این) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ مریم نواز کے وکیل نے کہا 14 دن ہو گئے کابینہ نے کوئی فیصلہ نہیں دیا۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ جب حکومت کا کوئی فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم2 رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ایک بیٹی اپنے باپ سے ملنا چاہتی ہے۔وکیل نے استدعا کی کہ جب تک کابینہ فیصلہ نہیں کرتی،ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔جس پر عدالت نے کہا کہ جب تک کوئی فیصلہ نہیں آتا ہم کیسے کر سکتے ہیں؟ مریم نواز کے وکیل نے کہا 14 دن ہو گئے کابینہ نے کوئی فیصلہ نہیں دیا۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ اجلاس ہوا تھا۔ذیلی کمیٹی نے اپنی سفارشات کابینہ کو بھیج دی ہیں۔ کابینہ میٹنگ میں ان سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ جب حکومت کا کوئی فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے۔لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست 26 دسمبر تک ملتوی کر دی۔