اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے پنجاب کے ایک پٹواری محمدنواز کی جانب سے اپنی برطرفی کے خلاف دائر کی گئی اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ ملزم عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرکے مس کنڈکٹ کا مرتکب ہواہے،
چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایگزیکٹو کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے،
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے محمدنواز کی اپنی برطرفی کے خلاف چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف دائر کی گئی اپیل کی سماعت کی تو اپیل کنندہ کے وکیل نے کہا کہ احسان اللہ کو تو پنشن ہو گئی ہے،
جس پرچیف جسٹس نے کہاکہ آپ تو پٹواری محمدنواز کے وکیل ہیں،آپ احسان اللہ کے معاملے کو بیچ میں کیوں لیکر آ رہے ہیں؟
جس پر فاضل وکیل نے کہاکہ سارا بوجھ میرے موکل پر ڈال دیا گیا ہے جبکہ گرداور اور تحصیلدار بھی ملوث تھے، جسٹس منصور علی شاہ نےکہا انکوائری ہوئی اور فیصلہ محمد نواز صاحب کیخلاف آیا ہے،
چیف جسٹس نے کہا آپ تحصیلدار اور گرداور کو کیس میں شامل نہ کریں جن سے متعلق ریکارڈ ہی ہمارے سامنے موجود نہیں ۔