کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پورے ہندوستان میں آگ لگ چکی ہے اور ایک واضح نظریاتی تقسیم دکھائی دے رہی ہے،جس میں ایک طرف مختلف مذاہب کے لوگ ہیں تو دوسری طرف ہندو توا مسلط کرنے والے لوگ ہیں اور یہ تقسیم آپ کو پورے ملک میں پھیلتی دکھائی دے رہی ہے،ہندوستان کے نوجوانوں میں بغاوت جنم لے رہی ہے،بھارتی مظالم کی گونج پوری دنیا میں پھیل چکی،عالمی میڈیا پر بھی اس معاملے کی باز گشت ہو رہی ہے۔ایک انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ بھارتی حالیہ اقدامات جس میں پانچ اگست ، بابری مسجد کا متنازع فیصلہ اور سٹیزن ترمیمی ایکٹ اور جامعہ اسلامیہ ملیہ اور جگہ جگہ جو حالات پیدا کئے گئے اس نے پورے ہندوستان کے نوجوان طبقے کو چونکا کر رکھ دیااور ان میں بغاوت جنم لے چکی ہے اور جتنا ہندوستانی فورسز کے مظالم جاری ہیں اس کے باوجود لوگ باہر ہیں لوگوں میں موت کا ڈر ختم ہوچکا ہے اور بھارتی اپوزیشن کی بھی اس وقت راج گھاٹ میں دھرنا جاری ہے۔