اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی کشمیر مارچ سے ثابت ہوا ہے کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ اور حکمران کسی اور طرف ہیں،جمعیت نے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے بے مثال قربانیاں دیں،پاکستانی قوم نے دنیا کو پیغام دیاہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور جب تک کشمیری مسلمانوں کو بھارت کے پنجہ استبداد سے آزادی نہیں مل جاتی ، ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ہمیں کسی عالمی طاقت کی بجائے اللہ پر مکمل یقین ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں کامیاب آزادی کشمیر مارچ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے 73 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہااسلامی جمعیت طلبہ محض ایک تنظیم نہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے اصل مقصد غلبہ دین کے ساتھ جوڑنے کی تحریک ہے ۔ جمعیت نے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں ۔ طلبہ یونینز کی بحالی پی ٹی آئی کا وعدہ تھا مگر دوسرے بہت سے وعدوں کی طرح یہ بھی ابھی تک پورا نہیں ہوسکا،حکومت اعلیٰ تعلیم کی سرپرستی کرنے کے بجائے اس میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے ، آج بنگلہ دیش ، بھوٹان اور سری لنکا بھی تعلیم پر ہم سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں بدقسمتی سے پاکستانی حکمرانوں نے تعلیم اور صحت کو بھی سڑکیں سمجھ کر ٹھیکے پہ دے دیا ہے۔دریں اثنا جناح اسپورٹس اسٹیڈیم اسلام آباد میں نجی اسکول سسٹم کےسالانہ اسپورٹس گالا سے خطاب میں سراج الحق نے کہامیرا ایمان ہے کہ ان بچوں کے ہوتے ہوئے پاکستان کا مستقبل روشن ہے،تقریب کے اختتام پر پر سراج الحق نے مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔