پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ شہباز شریف کی بڑی ذمہ داری ہے، حالات کا تقاضہ ہے کہ شہباز شریف واپس آئیں، مریم بی بی سے بھی گزارش ہے کہ وہ چپ کا روزہ توڑیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں حکومت سے کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف اطلاع کرنی ہے کہ اپنا سیاسی حق استعمال کرتے ہوئے کس جگہ پر جلسہ کرنا چاہتے ہیں، انتظامیہ کا کام سیکیورٹی دینا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں انتظامیہ یا حکومت سے کسی اجازت کی ضرورت نہیں، ہم عدالت کے مشکور ہیں جس نے ہمیں اجازت دی ہے، انشاء اللّٰہ ہم جلسہ کریں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج بھی پاکستان ایک بہت بڑے بحران کا سامنا کر رہا ہے، نہ فوج اور نہ ججز، ہم آئین اور قانون کے ساتھ ہیں، جو ادارہ بھی آئین سے باہر جائے گا تو اپنا اعتراض ظاہر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب جماعتیں اب مطالبہ کر رہی ہیں کہ ان ہاؤس چینج نہیں، نئے الیکشن کی ضرورت ہے، نئے الیکشن اس ملک کا تقاضہ ہیں، اگلا سال بالکل الیکشن کا سال ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: اداروں کی سیاست میں مداخلت قبول نہیں، کائرہ
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع سے متعلق حکومت بل لائے گی تو ہماری پارٹی لائحہ عمل دے گی، ابھی معلوم نہیں کہ حکومت کا کیا عزم اور ارادہ ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور وزراء کے بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ اپوزیشن کو دور کر کے قانون سازی روکنا چاہتے ہیں۔
رہنما پاکستان پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان جی بھر کر برا کہیں تو یہی لگتا ہے کہ وہ بل منظور کرانا نہیں چاہتے۔