• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

راہگیر نے جان پر کھیل کر بچے کو کتے کے حملے سے بچالیا

راہگیر نے جان پر کھیل کر بچے کو کتے کے حملے سے بچالیا


ایک راہ گیر نے جان پر کھیل کر 4 سالہ بچے کو کتے کے چنگل سے آزاد کروالیا، جس کی ویڈیو وائر ہوگئی۔

غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں پیش آیا جبکہ اس کے تمام مناظر قریب ہی لگے کلوز سرکٹ کیمرا میں ریکارڈ ہوگئے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آوارہ کتا سڑک پر جاؤ پیڈرو نامی اس 4 سالہ بچے کو اس کے بازوں اور ٹانگوں پر کاٹنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ اس کے ہمراہ خاتون اسے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

خاتون کی کوششوں کے باوجود کتا کسی صورت بچے کو چھوڑنے کے لیے تیار نظر نہیں آرہا، تاہم ایسے میں پیٹرک ڈو ساؤ ایک 20 سالہ نوجوان نے بچے کو کتے کے چنگل سے آزاد کروانے کی کوشش کی۔

اس شخص کی بھرپور کوششوں کے باوجود بھی کتے نے بچے کو نہ چھوڑا تو اس نے بچے کو گود میں اٹھالیا۔

جب کتا اس نوجوان کے ٹانگوں میں لپٹ گیا تو اس نے فوراً بچے کو پاس میں کھڑی ایک کار کی چھت پر بٹھادیا، جس کے بعد بے قابو کتے نے نوجوان پر حملہ کردیا۔

کتے سے بچنے اور اس بھگانے کی کوشش میں پیٹرک بھی زمین پر جاگرا اور کتے نے اسے بھی کاٹ لیا، تاہم نوجوان پھرتی دکھاتا ہوا گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق مدد آنے تک اس نوجوان نے بچے کے ساتھ کار کی چھت پر بیٹھ کر آدھے گھنٹے تک انتظار کیا، جنہیں شدید چوٹیں آئی تھیں۔

بچے کی دیکھ بھال کرنے والی خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب بچے اپنی اسکوٹر کے ساتھ سڑک پر کھیل رہے تھے تو اچانک سے یہ کتا کہیں سے نمودار ہوا اور بچوں پر حملہ کردیا۔

اس بچے کو بچانے والے شخص پیٹرک ڈو ساؤ کا کہنا تھا کہ جب میں نے اس بچے کو کتے کے چنگل میں دیکھا تو اس میں مجھے میری 2 سال کی بیٹی دکھائی دی، اسی وجہ سے میں نے فوراً اس کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

پیٹرک نے یہ بھی بتایا کہ جب میں نے کتے کو کھینچا تو اس کے دانت اس بچے کی گردن میں میں پیوست تھے۔

اس بہادری کے باوجود نوجوان کا کہنا تھا کہ میں اپنے آپ کو ایک ہیرو تصور نہیں کرتا۔

پیٹرک گزشتہ 5 ماہ سے بے روزگار ہے اور بچے کو بچاتے ہوئے اس کا موبائل فون بھی گر کر ٹوٹ گیا تھا، تاہم اس کی مالی مدد کے لیے انٹرنیٹ پر چندہ جمع کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین