قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک پارٹی کے چیئرمین کی دھمکی نیب کے قانونی عمل کو نہیں روک سکتی ہے۔
نیب ترجمان نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو نیب کے روبرو پیش نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو خط میں درخواست کی کہ 15 جنوری کو پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔
پی پی چیئرمین کے بیان پر نیب ترجمان کا کہنا تھا کہ پیش نہ ہونے کی میڈیا رپورٹس بلاول بھٹو کی نیب کو یقین دہانی کے برخلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق کام کرنے والا ادارہ ہے جو کسی بھی تحقیقات میں متعلقہ شخص کا قانون کے مطابق بیان لینے پر یقین رکھتا ہے۔
گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کے دوران 24 دسمبر کو نیب راولپنڈی کے روبرو پیش ہونے سے انکار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے غیرقانونی نوٹس بھیجا، پہلے دباؤ میں آئے اور نہ اب آئیں گے، نیب کے سوال ناموں کے جواب بھی دیے ہیں۔
پی پی چیئرمین نےمزید کہا تھا کہ ’گرفتاری کا کوئی خوف نہیں اور نہ ہی میں گرفتاری سے ڈرتا ہوں، مجھے گرفتار کیا گیا تو زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، اگر ہمت رکھتے ہو تو مجھے گرفتار کرلو‘۔